ڈی اے میں 3.64 فیصد اضافہ کو منظوری
حیدرآباد۔/30 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے سرکاری ملازمین کیلئے دیپاولی کے تحفہ کے طور پر ڈی اے میں اضافہ کو منظوری دی ہے۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق سرکاری ملازمین کیلئے ڈی اے میں 3.64 فیصد اضافہ ہوگا جس پر یکم جولائی 2022 سے عمل کیا جائے گا۔ اضافی ڈی اے کی رقم نومبر کی تنخواہ میں شامل کرتے ہوئے ادا کی جائے گی۔ یکم جولائی 2022 سے جاریہ ماہ تک کے ڈی اے بقایا جات کی رقم ملازمین کے جی پی ایف اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی جبکہ کانٹری بیوشن پنشن اسکیم (CPS) کے ملازمین کے بقایا جات کی 10 فیصد رقم ان کے کھاتہ میں جمع کی جائے گی باقی 90 فیصد رقم 17 اقساط میں ادا کی جائے گی۔ حکومت کے فیصلہ کے مطابق سی پی ایس ملازمین کو فروری 2025 سے 17 اقساط میں بقایا جات کی رقم ادا کی جائے گی۔ اسی طرح وظیفہ یابوں کو ڈی اے کے بقایا جات کی رقم آئندہ سال جنوری سے 17 اقساط میں ادا کی جائے گی۔ واضح رہے کہ ملازمین کی جائنٹ ایکشن کمیٹی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے حال ہی میں ملاقات کرتے ہوئے 50 مطالبات کی فہرست حوالے کی جس میں ڈی اے کے علاوہ میڈیکل بلز اور دیگر امور شامل ہیں۔ تلنگانہ کابینہ نے سرکاری ملازمین کیلئے 2 ڈی اے کی منظوری دی تھی۔ دیپاولی تہوار کے پیش نظر حکومت نے ملازمین کو ڈی اے کی صورت میں خوشخبری دی ہے۔1