تلنگانہ کے متعدد ارکان اسمبلی و عوامی نمائندے عوام کے درمیان سے غائب

   

وزیر اور مئیر کا قرنطینہ ، کورونا وائرس کے قہر سے بچنے کی حکمت ، عوام نظر انداز
حیدرآباد۔17جون(سیاست نیوز) سیاسی قائدین اور عوامی نمائندوں کو کورونا وائرس کی توثیق اور ان کے قرنطینہ میں چلے جانے کے فیصلہ کے بعد ریاست بھر میں کئی ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندے عوام کے درمیان سے غائب ہوچکے ہیں ۔ ریاست تلنگانہ میں ارکان اسمبلی کو کورونا وائرس کی توثیق اور ریاستی وزیر مسٹر ٹی ہریش راؤ کے علاوہ کئی عہدیداروں کے قرنطینہ میں رہنے کے فیصلہ کے بعد کئی ارکان اسمبلی اپنے علاقہ کے عوام سے بھی رابطہ میں نہیں ہیں اور نہ ہی ان کے درمیان جانے کی جرأت کر رہے ہیں۔ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے سماجی فاصلہ کے علاوہ دیگر احتیاطی امور کے سلسلہ میں جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کو لازمی قرار دیئے جانے کے باوجود بھی کی جانے والی بد احتیاطی نے عوامی نمائندوں کو عوام کے درمیان سے غائب کردیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں منتخبہ عوامی نمائندوں ‘ سیاسی قائدین اور غیر سرکاری تنظیموں نے شہریوں میں راشن اور دیگر اشیاء کی تقسیم میں مصروف رہے لیکن 25مئی کے بعد سے یہ سرگرمیاں پوری طرح سے ختم ہوچکی ہیں اور اب ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہورہے اضافہ میں سیاسی قائدین اور ارکان اسمبلی کے علاوہ سابق ارکان اسمبلی کے شامل ہونے کے بعد احتیاط کرنے والے ارکان اسمبلی اور عوامی نمائندوں نے عوام سے دوری اختیار کرلی ہے۔ منتخبہ عوامی نمائندوں کے عوام کے درمیان نہ رہنے سے کوئی مسئلہ نہیں ہے لیکن ان عوامی نمائندوں کو اپنے گھروں سے ہی اپنے رائے دہندوں اور اپنے علاقہ کے عوام کیلئے سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کرنے اور انہیں طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار رہنے کی ضرورت ہے۔ ریاستی وزیر کے قرنطینہ میں جانے اور مئیر مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد کے قرنطینہ میں چلے جانے کے بعد شہر حیدرآباد میں رہنے والے کئی عوامی نمائندے غائب ہیں اور وزراء بھی عوام سے ملاقات سے احتیاط کرنے لگے ہیں۔ مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے رہنمایانہ خطوط کے مطابق کوئی سیاسی اجتماعات کی گنجائش نہیں ہے لیکن موجودہ حالات میں اگر منتخبہ عوامی نمائندوں کی جانب سے اپنے رائے دہندوں اور شہریوں کو نظر انداز کرنے کی پالیسی اختیار کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں عوام یاد رکھیں گے اسی لئے عوامی نمائندوں کو احتیاط کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل بالخصوص صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے علاوہ کورونا وائرس کے معائنوں کو یقینی بنانے اور علاج و معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے حکومت پردباؤ ڈالنا چاہئے ۔