تلنگانہ کے مختلف مقامات پر کل مفت یونانی میڈیکل کیمپس

   

ریالی، سائنٹفک اجلاس و لیکچرس، یونانی تقاریب ، ڈاکٹر اے اے خاں اور ڈاکٹرحیدر یمانی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔7فبروری (سیاست نیوز) وزارت آیوش حکومت ہند کی ہدایت پر محکمہ آیوش کے یونانی ڈاکٹر مسیح الملک حکیم اجمل خان کی یوم پیدائش کے موقع پر تیسری یونانی تقریب منعقد کی جارہی ہے۔ڈاکٹر اے اے خان کو کنوینر تقاریب و ریاستی صدر تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن اور ڈاکٹر حیدر یمانی رکن و ریاستی جنرل سکریٹری تلنگانہ یونانی میڈیکل آفیسرس اسوسی ایشن نے پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ حکیم اجمل خان 11فروری 1868کو پیدا ہوئے اور 29ڈسمبر 1927کو وفات پائی ۔ انہوں نے ہندوستان میں روایتی یونانی طریقہ کار کا آغاز کیا۔اس سلسلہ میں محکمہ آیوش کی جانب سے سرپرست اعلیٰ ڈائرکٹر ڈاکٹروی اے وارثینی آئی اے ایس کی نگرانی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں ڈاکٹر شہزادی سلطانہ پرنسپل نظامیہ طبی کالج کنوینر‘ ڈاکٹر اے اے خان کو کنوینر کے علاوہ ڈاکٹر محمد علی‘ ڈاکٹر حیدر یمانی‘ ڈاکٹر ایم اے فاروقی‘ ڈاکٹر ابو الحسن اشرف رکن ڈیولپمنٹ کمیٹی نظامیہ طبی کالج اینڈ ہاسپٹل و سی سی آئی ایم ممبر‘ ڈاکٹر تنویر ممتاز ‘ ڈاکٹر کے مرلی‘ ڈاکٹر ایم اے وکیل سپرنٹنڈنٹ نظامیہ جنرل ہاسپٹل ‘ ڈاکٹر محمد لیاقت علی خان سی ایس انڈین میڈیسن فارمیسی‘ ڈاکٹر محمد سراج الحق ‘ ڈاکٹر محمد یوسف الدین اور ڈاکٹر محمد سلیم اراکین میں شامل ہیں۔کو اسپانسرس محمد ابوالحسن اشرف‘ ڈاکٹر احسان الحق کرسپانڈنٹ العارف یونانی میڈیکل کالج بنڈلہ گوڑہ اور ڈاکٹر ایم اے قیوم کرسپانڈنٹ گلوبل یونانی میڈیکل کالج فار ویمن نارسنگی ہیں۔ڈاکٹر اے اے خان اور ڈاکٹر حیدر یمانی نے مزید بتایا کہ یوم یونانی کے ضمن میں 9 فروری کو تلنگانہ کے 16مقامات پر مفت میڈیکل کیمپس منعقد کئے جائیں گے جن میں نظامیہ جنرل ہاسپٹل حیدرآباد‘ شاہین نگر‘ گولکنڈہ‘ مشیرآباد‘ مولا علی‘ محبوب نگر‘ گدوال‘ نظام آباد‘ نلگنڈہ‘ بھونگیر‘ سدی پیٹ‘ سنگاریڈی‘ عادل آباد‘ کھمم‘ ہنمکنڈہ اور کریم نگر شامل ہیں۔ میڈیکل کیمپس صبح 9 تا 3بجے تک جاری رہیں گے۔10 فروری کو صبح 7:30بجے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج سے مدینہ بلڈنگ تک پیدل ریالی منظم کی جائے گی۔11فروری کو صبح 9 بجے گورنمنٹ نظامیہ طبی کالج میں سائنٹیفک سیشن منعقد ہوگا جس میں یونانی کے پی جی اسکالرس مختلف عنوانات پر لکچرس دیں گے۔اختتامی تقریب 5 بجے شام نظامیہ طبی کالج میں منعقد ہوگی جس میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد محمود علی وزیر داخلہ تلنگانہ‘ بی موہن میئر حیدرآباد‘ شانتا کماری آئی اے ایس‘ وی اے وارثینی آئی اے ایس‘ مہیندر ریڈی ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ‘ شہزادی سلطانہ ایڈیشنل ڈائرکٹر ڈپارٹمنٹ آف آیوش کے علاوہ دیگر دانشوران شرکت کریں گے۔مذکورہ تقاریب کے ضمن میں مختلف کھیلوں کرکٹ‘ کیرم‘ چیس‘ بیاڈ منٹن‘ تھروبال‘ 100 میٹر رن‘ لیمن اسپون‘ میوزیکل چیرس اور سلو سیکلنگ مقابلے منعقد ہوئے۔8 فروری کو تحریری و تقریری مقابلے منعقد ہوں گے۔’’حکیم اجمل خان حیات اور کارنامے‘‘ تحریری مقابلہ کا عنوان اور ’’طب یونانی اور دور جدید کا تقاضہ‘‘ تقریری مقابلہ کا عنوان رہے گا۔کامیاب طلباء و طالبات کو اختتامی تقریب کے روز انعامات دیئے جائیں گے۔پریس کانفرنس میں ڈاکٹر ابوالحسن اشرف‘ ڈاکٹر محمد وکیل سپرنٹنڈنٹ‘ پروفیسر تنویر ممتاز‘ شہزادی بیگم‘ پروفیسر احسن فاروقی اور ڈاکٹر محمد معز موجود تھے۔