تلنگانہ کے مدارس میں اساتذہ کی شدید قلت

   

ٹی آر ٹی تقررات فوری عمل میں لانے پی سی سی سکریٹری ، ہرش وردھن کا مطالبہ

محبوب نگر۔/2جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ٹی تقررات بلا تاخیر عمل میں لائے جائیں۔ ٹی آر ٹی کو منعقد ہوئے 7 ماہ گزرنے کے باوجود نتائج جاری نہیں کئے گئے۔ یہ مطالبہ پی سی سی سکریٹری ہرش وردھن ریڈی نے منگل کے دن ضلع کانگریس کے دفتر میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اکٹوبر 2017 میں ٹیچرس تقررات کے لئے اعلامیہ جاری کرکے فبروری 2018 میں ٹی آر ایس منعقد کیا گیا لیکن ابھی تک نہ ہی نتائج جاری ہوئے اور نہ تقررات عمل میں لائے گئے۔ انہوں نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ممبران پر تنقید کی کہ لاکھوں روپئے تنخواہ اٹھانے کے باوجود کارکردگی مایوس کن ہے۔ ہائی کورٹ کی سرزنش کے باوجود ان پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ تلنگانہ کے مدارس میں اساتذہ کی شدید قلت ہے۔ تعلیمی نظام درست نہ ہونے سے طلباء کے نتائج پر برا اثر مرتب ہورہا ہے۔ ریاست میں بار بار ترقی کا دعویٰ کرنے والے کے سی آر ریاست میں تعلیمی نظام کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری اقدامات کریں۔ صرف ٹی آر ٹی ہی نہیں تمام بے روزگاروں کی زندگیوں سے ٹی آر ایس کھیل رہی ہے۔ 4 سال میں کسی محکمہ میں تقررات نہیں کئے گئے۔ انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ جلد سے جلد ٹی آر ٹی نتائج جاری کرکے تقررات عمل میں لائیں ورنہ کانگریس ریاست میں احتجاج منظم کرے گی۔