تلنگانہ کے مسلمانوں کو طاقتور موقف دلوانے کانگریس کا اقتدار پر آنا ضروری

   

فرحت نگر اور دیگر علاقوں میں ملک پیٹ کانگریس امیدوار شیخ اکبر کا دورہ ، عوام سے خطاب
حیدرآباد۔ 15 نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں مسلمانوں کی نمائندگی کو بہتر بنانے اور ریاست کے مسلمانوں کو طاقتور موقف دلوانے کیلئے کانگریس کا اقتدار میں آنا ضروری ہے۔ جناب شیخ اکبر امیدوار حلقہ اسمبلی ملک پیٹ نے آج فرحت نگر کے علاوہ اطراف و اکناف کے علاقوں میں پیدل دورہ کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاست میں کانگریس کا اقتدار مسلمانوں کو احساس عدم تحفظ سے نکالنے کی ضمانت ثابت ہوگا۔ انہوں نے ریاست کے مسلمانوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دُور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے حلقہ کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ ساتھ ریاست بھر کے مسلمانوں کی خوشحالی کیلئے کانگریس کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کرتے ہوئے ان کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ جناب شیخ اکبر نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کو غنڈہ عناصر، غیرسماجی عناصر کے علاوہ سود خوروں اور لینڈ گرابرس سے نجات دلوانے کیلئے ضروری ہے کہ رکن اسمبلی کو تبدیل کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ 15 برسوں سے حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کی نمائندگی کرنے والے رکن اسمبلی نے حلقہ کو کنسٹرکشن مافیا کے علاوہ لینڈ گرابرس اور سود خوروں کے حوالے کر رکھا ہے جس سے حلقہ کے عوام کو شدید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ان پندرہ سالوں میں ملک پیٹ میں کسی بھی نئے سرکاری دواخانہ ، اسکول یا کالج کا قیام عمل میں نہیں لایا گیا جوکہ رکن اسمبلی کے ویژن کو ظاہر کرتا ہے۔ علاقہ کی منفی ترقی کو جس انداز میں پیش کیا جارہا ہے وہ غنڈہ گردی کو بڑھاوا دینے کے مترادف ہے۔