عوامی مقبولیت کی جانچ اور تلنگانہ میں حصول اقتدار کے لیے کوشاں
حیدرآباد۔9۔فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف حلقہ جات لوک سبھا سے منتخب ہونے والے ارکان پارلیمان تلنگانہ اسمبلی کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند ہیں ۔ تلنگانہ اسمبلی اور عام انتخابات اگر اپنے وقت پر منعقد کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں دونوں کے درمیان 5ماہ کا فرق ہوگا اسی لئے ارکان پارلیمان تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اپنے سیاسی مستقبل کو محفوظ کرنے کے خواہشمند ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ میں موجود سیاسی جماعتوں کے ارکان لوک سبھا عام انتخابات سے قبل منعقد ہونے والے تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں اپنی قسمت آزمانے کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور اس با ت کی کوشش کر رہے ہیں کہ اپنی پارٹی کے قائدین کواس بات کے لئے آمادہ کرسکیں۔ گذشتہ تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دو چار ہونے والے قائدین 5ماہ بعد ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کامیاب ہوئے ہیں جن میں مرکزی وزیر سیاحت مسٹر جی کشن ریڈی ‘ کیپٹن اتم کمار ریڈی کے علاوہ مسٹر اے ریونت ریڈی شامل ہیں۔ اتم کمار ریڈی جو کہ اسمبلی انتخابات میں ناکام ہوچکے تھے انہوں نے نلگنڈہ سے لوک سبھا کے لئے مقابلہ کیا جو کہ ان کی شکست کے 5ماہ بعد منعقد ہوئے تھے اور ان کے علاوہ پارٹی کے لئے یہ نتائج حیران کن تھے۔اسی طرح حلقہ اسمبلی عنبر پیٹ کی طویل مدت تک ایوان اسمبلی میں نمائندگی کرنے والے بی جے پی قائد جی کشن ریڈی کو 2018 اسمبلی انتخابات کے دوران شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن 5ماہ بعد ہونے والے عام انتخابات میں انہو ںنے حلقہ پارلیمنٹ سکندرآباد میں کامیابی حاصل کی اور مرکزی مملکتی وزیر بنائے گئے بعد ازاں انہیں کابینی وزیر بناتے ہوئے مرکزی کابینہ میں شامل کرلیا گیا ۔ اسی طرح مسٹر اے ریونت ریڈی نے بھی تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن ان کی قسمت نے ساتھ نہیں دیا تھا اور وہ بھی سال 2018 میں شکست سے دوچار ہوئے تھے لیکن بعد ازاں عام انتخابات کے دوران انہو ںنے ملکا جگری حلقہ پارلیمان سے لوک سبھا کے لئے انتخابات میں حصہ لیا تھا اور انہیں کامیابی حاصل ہوئی ۔ اس صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی ‘ کانگریس کے علاوہ بی جے پی کے وہ قائدین جو پارلیمانی ٹکٹ کے حصول کے دعویدار ہیںوہ بھی تلنگانہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے اپنی عوامی مقبولیت کی جانچ اور تلنگانہ میں حصول اقتدار کے لئے کی جانے والی کوشش کرناچاہتے ہیں۔م