ترقی و فلاح و بہبود پر یکساں عمل ، پنچایت چناؤ میں بھاری رقومات کے خرچ پر انتباہ، عادل آباد میں 260 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا آغاز
حیدرآباد 4 ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے دو سال کی تکمیل کے سلسلہ میں دورہ اضلاع کے تحت چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج عادل آباد کا دورہ کیا اور 260.45 کروڑ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزراء جوپلی کرشنا راؤ ، وی وینکٹ سوامی ، حکومت کے مشیر فلاحی اسکیمات سدرشن ریڈی اور ضلع کے عوامی نمائندے و عہدیدار موجود تھے ۔ جلسہ عام سے خطاب میں چیف منسٹر نے عوام سے ا پیل کی کہ وہ اپنے علاقوں کی ترقی کو پیش نظر رکھتے ہوئے سرپنچ کے عہدہ پر موزوں امیدواروں کا انتخاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت کی ترقی حکومت کے تعاون سے ممکن ہے ، لہذا مخالف حکومت امیدواروں کو منتخب کرنے سے گریز کریں۔ چیف منسٹر نے پنچایت چناؤ میں بھاری رقومات خرچ کرنے کے خلاف امیدواروں کو انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے وقت سیاست کی جاسکتی ہے لیکن بعد میں ترقی اور فلاح و بہبود حکومت کی ترجیح رہے گی۔ گزشتہ دو برسوں میں ریکارڈ تعداد میں فلاحی اسکیمات پر عمل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ترقی اور فلاح و بہبود پر یکساں عمل کر رہی ہے ۔ گزشتہ دو برسوں میں میں ایک دن بھی چھٹی نہیں لی ہے اور عوام کی خدمت میرا نصب العین ہے۔ زیڈ پی ٹی سی ، ایم ایل سی ، ایم ایل اے اور رکن پارلیمنٹ کے بعد مجھے عوام نے چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز کرتے ہوئے ریاست کی خدمت کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالی دشواریوں کے باوجود حکومت نے فلاحی اسکیمات پر موثر عمل آوری کی ہے۔ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں فلاحی اسکیمات کو نظر انداز کردیا گیا تھا۔ سرکاری تقاریب میں اپوزیشن قائدین کو مدعو نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں وزیراعظم اور مرکزی وزراء کو گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ سمٹ کے کامیاب انعقاد کیلئے سونیا گاندھی کا آشیرواد حاصل کیا گیا ۔ کھرگے ، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو مدعو کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر نے عادل آباد میں ایرپورٹ کی تعمیر کا تیقن دیا اور کہا کہ اس سلسلہ میں عوامی نمائندوں کو اراضی کا تعین کرنا چاہئے ۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ایرپورٹ کیلئے فنڈس کی فراہمی سے اتفاق کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عادل آباد کو صرف آر ٹی سی بس نہیں بلکہ ایربس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے مختلف فلاحی اسکیمات کا حوالہ دیا اور کہا کہ غریبوں کیلئے اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکانات کی تعمیر پر حکومت پانچ لاکھ روپئے کی امداد فراہم کر رہی ہے۔ریونت ریڈی نے سرکاری جائیدادوں پر تقررات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 61 ہزار جائیدادوں پر تقررات مکمل ہوچکے ہیں اور مزید 40,000 جائیدادوں پر جلد ہی تقررات کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گروپ I کے تحت 565 عہدیداروں کے تقررات مکمل کئے گئے ۔ گزشتہ دس برسوں میں تقررات پر کوئی توجہ نہیں دی گئی تھی۔ کانگریس حکومت تلنگانہ سے آئی اے ایس اور آئی پی ایس عہدیداروں کو تیار کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ویمنس امپاورمنٹ کے تحت ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ خواتین کو آر ٹی سی بس کا مالک بنایا جارہا ہے تاکہ انہیں ماہانہ آمدنی حاصل ہو۔1