تلنگانہ کے پانچ تاریخی و تہذیبی مقامات کو عالمی تہذیبی ورثہ میں شمولیت کی نمائندگی

   

قلعہ گولکنڈہ ، تاریخی چارمینار کے علاوہ گنبدان قطب شاہی اور دیگر شامل
حیدرآباد۔19۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ سے جملہ 5 تاریخی و تہذیبی مقامات کو عالمی تہذیبی ورثہ کی فہرست میں شمولیت کے لئے روانہ کیا گیا ہے جن میں گولکنڈہ قلعہ ‘ تاریخی چارمینارر کے علاوہ گنبدان قطب شاہی شامل ہیں جنہیں UNESCO کی امکانی فہرست 2010میں شمولیت کا اعزاز بھی حاصل ہے ۔ یونیسکو جانب سے امکانی فہرست میں شمولیت کے دوران شہر حیدرآباد میں موجود ان تینوں تاریخی و تہذیبی عمارتوں کو سیریئل نمبر 10پر رکھا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ ریاستی حکومت کی جانب سے میگالیتھک قبرستان مدومل موضع کرشنا منڈل ضلع نارائن پیٹ اور چھایہ سومیشورا مندر پناگل موضع نلگنڈہ ضلع کو عالمی تہذیبی ورثہ میں شامل کرنے کے لئے مرکزی حکومت کو روانہ کیا گیا ہے لیکن اس پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا۔ ریاستی وزیر سیاحت مسٹر جوپلی کرشنا راؤ نے آج تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بی آر ایس رکن قانون ساز کونسل محترمہ کے کویتا کی جانب سے کئے گئے استفسار کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں عالمی تہذیبی ورثہ میں شامل کرنے کے قابل کئی تہذیبی مقامات موجود ہیں جن کی نشاندہی کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے انہیں عالمی تہذیبی ورثہ کی فہرست میں شامل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔3