تلنگانہ کے چار آئی اے ایس عہدیداروں کے تبادلے،عائشہ خانم کلکٹر وقارآباد مقرر

   

حیدرآباد۔ 27 فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے چار آئی اے ایس عہدیداروں کا تبادلہ کرتے ہوئے احکامات جاری کیے ہیں۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی آئی اے ایس جنہیں پوسٹنگ کا انتظار تھا، سکریٹری محکمہ تعلیم فوری اثر کے ساتھ مقرر کیا گیا۔ وہ اجئے مشرا آئی اے ایس کے بجائے اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔ اجئے مشرا سکریٹری تعلیم کی حیثیت سے زائد ذمہ داری نبھارہے تھے۔ ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی کا حال ہی میں کمشنر ایچ ایم ڈی اے کی حیثیت سے اچانک تبادلہ کردیا گیا تھا جس کے بعد انہیں کوئی پوسٹنگ نہیں دی گئی۔ ان کے علاوہ تین نان کیڈر آفیسرس کا کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کی حیثیت سے تقرر عمل میں آیا ہے۔ مسز مسرت خانم عائشہ جوائنٹ کلکٹر و ایڈشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کھمم کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں کلکٹر وقارآباد مقرر کیا گیا۔ ڈی ایس لوکیش کمار آئی اے ایس کو کلکٹر وقارآباد کی زائد ذمہ داری سے سبکدوش کیا گیا۔ سی نارائن ریڈی جوائنٹ کلکٹر و ایڈشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نلگنڈہ کا تبادلہ کرتے ہوئے کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ ملگ مقرر کیا گیا بجائے ڈاکٹر وی وینکٹیشورلو آئی اے ایس، ایس وینکٹ رائو جوائنٹ کلکٹر و ایڈشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ محبوب نگر کا تبادلہ کرتے ہوئے کلکٹر و ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ نارائن پیٹ مقرر کیا گیا بجائے ڈی رونالڈروس آئی اے ایس جو اس عہدے کی زائد ذمہ داری سنبھالے ہوئے تھے۔