تلنگانہ کے 32 میڈیکل کالجس میں 540 مسلم طلبہ کو ایم بی بی ایس میں داخلہ

,

   

خوش آئند علامت ، ڈاکٹر پیشہ سے انصاف کرنے کا مشورہ ، جناب عامر علی خان کی مخاطبت

حیدرآباد : مسلم طلبہ آج زندگی کے ہر شعبہ میں اچھا مظاہرہ کررہے ہیں ۔ ہیرے کو تلاش کرنے یا بنانے کیلئے زمین بوس ہونا پڑتا ہے اس کے بعد ہی ہیرہ کوئلہ سے بنتا ہے ۔ ایسے ہی کچھ حالات آج مسلم قوم کے ہیں کہ ہم کو بہت جلد خوشخبری ملے گی ، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ، حالات کا ڈٹ کار مقابلہ کرنے سے اچھے دن ضرور آئیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست نے یہاں تلنگانہ ریاست کے سال حال ایم بی بی ایس میں داخلے حاصل کئے 540 مسلم طلبہ کو سیاست میڈل اور میرٹ سرٹیفیکٹ ایوارڈ تقریب کو محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست میں مخاطب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ ڈاکٹر ایک مقدس پیشہ ہے مگر اس سے انصاف کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔ آج جو ڈاکٹر مریض کو دواخانہ رجوع ہوتے ہی خوف میں مزید مبتلا کرتے ہیں ۔ انہوں نے نوجوان لڑکے / لڑکیوں کو جو ڈاکٹر کا پیشہ سے وابستہ ہورہے ہیں انہیں مشورہ دیا کہ وہ انسانیت کے جذبہ خدمت کے تحت کام کریں ۔ تلنگانہ کے اس گورنمنٹ میڈیکل کالجس ، پرائیوٹ میڈیکل کالجس اور میناریٹی میڈیکل کالجس میں ایم بی بی ایس میں کنوینر کوٹہ کے تحت داخلے حاصل کئے امیدواروں کو ایوارڈس دیئے گئے ۔ جناب انور احمد ڈائرکٹر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی نے اعزازی مہمان کی حیثیت سے تقریر کرتے ہوئے کہاکہ مسلم طلبہ تعلیمی شعبہ میں شاندار مظاہرہ کررہے ہیں نہ صرف انجنیئرنگ / میڈیشن بلکہ آئی آئی ٹیز میں کامیابی حاصل کی ۔ ایم ایس اپنے دائرہ کار میں سیول سروسیس کیلئے مسلم طلبہ کو تیار کررہا ہے ۔ پہلے مرحلے کے پریلیمنری امتحان میں اس سال 9 طلبہ کامیاب ہوئے ۔ 32 میڈیکل کالجس میں اے زمرہ میں داخلہ حاصل کرنے والے طلبہ اپنا شاندار تعلیمی ریکارڈ رکھتے ہیں ، ضرورت ہیکہ وہ اپنے مستقبل میں خدمت کا جذبہ برقرار رکھیں ۔ انجنیئر سید حیدر علی اعزازی مہمان کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے ایوارڈس تقسیم کئے ۔ ابتداء میں ایم اے حمید نے تعارفی تقریر کی اور رپورٹ پیش کی ۔ مسٹر توفیق کی قرات سے پروگرام کا آغاز ہوا اور آخر میں احمد بشیر الدین فاروقی نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر طلبہ ، سرپرستوں کی کثیر تعداد کے علاوہ جناب افضل ، احمد حسین ، یاور علی ، صابر پاشاہ قادری ، صادق علی موجو د تھے ۔شہر کے علاوہ اضلاع سے طلبہ، اولیائے طلبہ نے شرکت کی ۔