تلنگانہ ہائی کورٹ کے دو ججس کے تبادلے کے خلاف وکلاء کا احتجاج،احکامات سے فوری دستبرداری کا مطالبہ

   

حیدرآباد : 23 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے ججس جسٹس کے سریندر اور جسٹس پی سری سدھا کے تبادلے کے خلاف تلنگانہ ہائی کورٹ ایڈوکیٹ اسوسی ایشن نے اجلاس منعقد کرتے ہوئے احتجاج درج کرایا ہے۔ اسوسی ایشن نے ہائی کورٹ کے دونوں ججس کا تبادلہ فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ اسوسی ایشن کے اجلاس میں اس سلسلہ میں قرارداد منظور کی گئی۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مخصوص ججس کو نشانہ بناتے ہوئے ان کا تبادلہ کرنا سراسر ناانصافی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ ایڈوکیٹ اسوسی ایشن نے ہنگامی اجلاس طلب کرتے ہوئے دونوں ججس کے تبادلے کے فیصلے کو واپس لینے کی مانگ کی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ کالیجیم نے جسٹس کے سریندر کا مدراس ہائی کورٹ اور جسٹس پی سری سدھا کے کرناٹک ہائی کورٹ تبادلے کی سفارش کی ہے۔ کالیجیم نے آندھراپردیش کے جسٹس کے ایم رائو کے کرناٹک ہائی کورٹ تبادلے کی سفارش کی ہے۔ واضح رہے کہ تلنگانہ ہائی کورٹ میں ججس کی تعداد 30 ہے جبکہ منظورہ جائیدادیں 42 ہیں۔ 1