نارائن پیٹ /20 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع کلکٹر نارائن پیٹ مسٹر کویا سری ہرشا ، آئی اے ایس نے آج آئندہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر پڑوسی ریاست کرناٹک کے بین ضلعی چیک پوسٹوں کو مسلح کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ ایکسائز و پولیس عہدیداروں کے ہمراہ سرحدی منڈل ماگنور اور کرشنا کا دورہ کیا ۔ ضلع ایس پی این وینکٹیشورلو ، ایڈیشنل کلکٹر نارائن پیٹ میانک متل آر ٹی او نارائن پیٹ ویرا سوامی ایکسائز عہدیداران کویتا ریڈی ، راجیہ لکشمی ، ایس آئی رام لال ، سی آئی سریکانت ریڈی ، ایس آئی وجئے بھاسکر دیگر اس موقع پر موجود تھے ۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے پولیس و ایکسائز عہدیداروں کے ساتھ تلنگانہ و کرناٹک کے درمیان مربوط چیک پوسٹ کی جگہوں کا معائنہ کیا ۔ ضلع کے سرحدی علاقوں ، رائچور ، یادگیر و گلبرگہ اضلاع کے پولیس عہدیداروں کے تال میل سے بین اضلاع سرحدی مقامات پر چیک پوسٹ کیلئے مناسب جگہ کی قبل از وقت شناخت و نشاندہی کی ضرورت پر زور دیا گیا ۔ نارائن پیٹ ضلع کے تمام سرحدی علاقوں میں شراب ، نقدی کی سربراہی کو کنٹرول کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو یقینی بنایا جائے ۔