تلنگانہ 2030 تک ایرو انجن تیاری کے مرکز میں تبدیل ہوگا: سریدھر بابو

   

دفاعی ایکسپورٹ 30742 کروڑ، ایرو اسپیس سمٹ سے خطاب

حیدرآباد۔ 16 نومبر (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ تلنگانہ 2030 تک ہندوستان میں ایرو انجن تیاری کے مرکز میں تبدیل ہو جائے گا۔ سریدھر بابو آتما نربھر بھارت کے تحت ایرو اسپیس اینڈ ڈیفنس مینوفیکچرنگ سمٹ سے انڈین اسکول آف بزنس میں خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عالمی سطح کی انفرااسٹکچر سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کررہی ہے تاکہ ایرو اسپیس اور ڈیفنس کے شعبہ میں نامور اداروں کی سرمایہ کاری ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ سابق کانگریس حکومتوں کی فراغ دلانہ پالیسیوں کے نتیجہ میں تلنگانہ دفاعی شعبہ کے مرکز میں تبدیل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی عالمی ادارے دفاعی اور دیگر شعبہ جات میں ہندوستان کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے ترقی کا جو جامع منصوبہ تیار کیا ہے اس کی تکمیل کے لئے حکومت خانگی اداروں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔ گزشتہ سال ہندوستان میں دفاعی پیداوار 1.5 لاکھ کروڑ تھی اور دفاعی ماہرین نے 12 فیصد اضافے کی پیش قیاسی کی ہے۔ تلنگانہ کے طویل مدتی ترقیاتی ویژن کے تحت ڈیفنس ایرو اسپیس اور دیگر شعبہ جات میں ترقی کے ذریعہ ریاست کو 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر کی معیشت میں تبدیل کیا جائے گا۔ سریدھر بابو نے بتایا کہ تلنگانہ میں 25 قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی ہے اور 1500 چھوٹی اور اوسط صنعتیں قائم ہو رہی ہیں جس کے نتیجہ میں تلنگانہ عالمی مارکٹ میں اپنی منفرد شناخت بناچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سے 2023-24 میں ایرو اسپیس ایکسپورٹ 15900 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2024-25 میں ایکسپورٹس بڑھ کر 30742 کروڑ ہوچکا ہے۔ وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی نے کہا کہ ٹاٹا ۔ سفران ایرو انجن نے آدی بٹلا میں 425 کروڑ کی سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے ذریعہ ریاست کی ترقی میں تعاون کے لئے تیار ہیں۔ سمٹ میں مختلف بین الاقوامی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ 1