وجئے واڑہ میں اکاؤنٹنٹ کی رہائش گاہ سے 45 لاکھ روپئے برآمد: سی بی ڈی
نئی دہلی۔/10 اپریل، ( پی ٹی آئی) مرکزی بورڈ برائے راست محاصل ( سی بی ڈی ٹی) نے کہا کہ انتخابات کاسامنا کرنے والی ریاست آندھرا پردیش کے وجئے واڑہ میں ایک اکاؤنٹنٹ کے احاطہ کی تلاشی کے دوران 45.4 لاکھ روپئے کی غیر معلنہ رقم کا پتہ چلایا ہے۔ اس ادارہ نے تلگودیشم کے مقامی رکن پارلیمنٹ کے خلاف کسی کارروائی کئے جانے کی تردید کی ہے۔ سی بی ڈی ٹی نے اپنے بیان میں یہ وضاحت بھی کی کہ گنٹور کے رکن پارلیمنٹ جئے دیو گلا کے کسی بھی احاطہ کی منگل کو کی گئی کارروائی کے دوران تلاشی نہیں لی گئی۔ سی بی ڈی ٹی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’’ ٹال فری نمبر پر اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گورپا نائیڈو کے گھر میں رقم رکھی گئی ہے اور یہ گھر عام انتخابات میں استعمال کیا جارہا ہے۔ منگل کو رات دیر گئے گورپا نائیڈو کا بیان قلمبند کرنے کے دوران بھی انہوں( گورپا ) نے انکشاف کیا کہ تلگو دیشم کے رکن پارلیمنٹ جئے دیو گلا کو وہ بحیثیت اکاونٹنٹ اپنی خدمات فراہم کررہے ہیں۔ راست محاصل کے مرکزی بورڈ نے یہ وضاحت بھی کی کہ گورپا نائیڈو ایک وظیفہ یاب شخص ہیں جو فری لانس کاسٹ اکاؤنٹننسی کی خدمات فراہم کررہے ہیں۔ ان کے گھر کے سواء کسی دوسرے مقام کی تلاشی نہیں لی گئی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ رکن پارلیمنٹ ( جئے دیو گلا ) کے کسی احاطہ کی تلاشی نہیں لی گئی ہے۔ سی بی ڈی ٹی ، محکمہ انکم ٹیکس کاپالیسی ساز ادارہ ہے۔