تلگودیشم قائدین کو بی جے پی میں شامل کروانے لکشمن کی خواہش دن کا خواب

   

Ferty9 Clinic

صدر تلنگانہ بی جے پی کی صرف زبانی بیان بازی، آر چندر شیکھر ریڈی سابق ایم پی تلگودیشم کا بیان

حیدرآباد۔/11 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو مکمل طور پر خالی کرکے تلگودیشم پارٹی قائدین کو اپنی پارٹی ( بی جے پی ) میں شامل کروانے کی کسی میں جرأت نہیں ہے۔ جبکہ مسٹر لکشمن صرف زبانی بیان بازی کے ذریعہ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی قائدین کی بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے سے متعلق ’دن کا خواب ‘دیکھ رہے ہیں۔ رکن پولیٹ بیورو و سابق رکن پارلیمان تلگودیشم پارٹی مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے ییہ بات کہی اور بتایا کہ گزشتہ منعقدہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو زائد از 100 نشستوں پر ڈپازٹ رقم بھی حاصل نہیں ہوئی جبکہ اسمبلی انتخابات میں سابقہ نشستوں کے مقابلہ میں اتفاقی طور پر ایک حلقہ اسمبلی سے ہی بی جے پی کامیاب ہوسکی۔ لیکن اب چونکہ مرکزی سطح پر اقتدار میں رہتے ہوئے بی جے پی کا آئندہ انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے اقتدار حاصل کرنے کے گمراہ کن پروپگنڈہ کے ذریعہ دیگر پارٹی قائدین کو بی جے پی میں شامل ہونے کیلئے راغب کررہی ہے۔ لیکن سوجھ بوجھ رکھنے والے کوئی قائدین بھی بی جے پی کے راغب کرنے پر فوری موجودہ پارٹیوں سے مستعفی ہوکر بی جے پی میں ہرگز شامل نہیں ہوں گے۔ مسٹر آر چندر شیکھر ریڈی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ بی جے پی کے گمراہ کن پروپگنڈہ سے متاثر نہ ہونے اور تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو نچلی سطح تک مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے کمر بستہ ہوجانے کیلئے تیار ہوجائیں۔ رکن پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی نے پرزور الفاظ میں کہا کہ تلگودیشم پارٹی ہرگز آندھرائی پارٹی نہیں ہے بلکہ یہ ایک قومی پارٹی کا موقف رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی کا قیام تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد میں عمل میں لایا گیا تھا چونکہ اب متحدہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم کے باعث قومی صدر تلگودیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے ریاست آندھرا پردیش میں رہنے کو ترجیح دی ہے۔ اس طرح وہ نہ صرف ریاست آندھرا پردیش بلکہ ریاست تلنگانہ میں بھی تلگودیشم پارٹی کو نچلی سطح سے از سر نو مضبوط و مستحکم فعال و کارکرد بنانے کی حکمت عملی مرتب کرنے میں مصروف ہیں اور ان اقدامات کے ایک حصہ کے طور پر ریاست تلنگانہ میں آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات کیلئے تلگودیشم پارٹی کو تیار کیا جارہا ہے۔ مسٹر چندر شیکھر ریڈی نے بتایا کہ ریاست میں آئندہ دنوں میں منعقد ہونے والے بلدی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی حصہ لے گی اور زیادہ سے زیادہ بلدیات پر کامیابی حاصل کرنے کی ممکنہ کوشش کرے گی۔