3 فروری سے نامزدگی کا ادخال، تلنگانہ میں ٹیچرس زمرہ کی 2 اور ایک گریجویٹ نشست پر الیکشن
حیدرآباد۔/29 جنوری، ( سیاست نیوز) الیکشن کمیشن آف انڈیا نے تلنگانہ میں 3 اور آندھرا پردیش میں 3 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ میدک ، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر گریجویٹ ایم ایل سی نشست کے علاوہ میدک ، نظام آباد، عادل آباد، کریم نگر ٹیچرس اور ورنگل، کھمم ، نلگنڈہ ٹیچرس زمرہ کی نشستوں کیلئے 27 فروری کو رائے دہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق تلنگانہ کی 3 اور آندھرا پردیش میں گریجویٹ زمرہ کی 2 اور ٹیچرس زمرہ کی ایک نشست کیلئے نوٹیفکیشن 3 فروری کو جاری کیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آغاز ہوگا اور 10 فروری پرچہ جات نامزدگی کے ادخال کی آخری تاریخ رہے گی۔ پرچہ جات نامزدگی کی جانچ 11 فروری کو ہوگی اور 13 فروری تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔27 فروری کو صبح 8 تا شام 4 بجے رائے دہی مقرر ہے۔ ووٹوں کی گنتی 3 مارچ کو ہوگی اور نتیجہ کا اعلان کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے 8 مارچ سے قبل انتخابی عمل مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی ضابطہ اخلاق فوری طور پر نافذ رہے گا اور ضابطہ اخلاق کے تحت پابندیوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر دی گئی ہیں۔ تلنگانہ میں گریجویٹ زمرہ کے رکن ٹی جیون ریڈی اور ٹیچرس زمرہ کے ارکان کے رگھوتم ریڈی اور اے نرسی ریڈی کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ آندھرا پردیش میں ایسٹ اور ویسٹ گوداوری گریجویٹ رکن آئی وینکٹیشور راؤ، کرشنا، گنٹور اضلاع پر مشتمل گریجویٹ نشست کے رکن کے ایس لکشمن راؤ اور سریکا کولم ، وجیا نگرم، وشاکھاپٹنم ٹیچرس حلقہ کے رکن پی رگھوورما کی میعاد 29 مارچ کو ختم ہورہی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے دونوں ریاستوں کی 6 ایم ایل سی نشستوں کے الیکشن شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی اہم سیاسی پارٹیوں کی سرگرمیوں میں تیزی پیدا ہوچکی ہے۔ شیڈول کی اجرائی کے ساتھ ہی انتخابی ضابطہ اخلاق بھی نافذ ہوچکا ہے۔1