چیف سکریٹری سومیش کمار نے فہرست پیش کی، مالیہ کی تقسیم کیلئے نوڈل آفیسرس کا تقرر
حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) تلگو ریاستوں کے درمیان دیرینہ حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے مرکزی وزارت داخلہ کے سکریٹری اجئے بھلہ نے آج تلنگانہ اورآندھرا پردیش کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ورچول اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں دونوں ریاستوں نے مرکز سے زیر التواء مسائل سے واقف کرایا۔ چیف سکریٹری تلنگانہ سومیش کمار نے آندھرا پردیش کے ساتھ زیر التواء مسائل کی نشاندہی کی اور تنظیم جدید قانون 2014 کے تحت عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ چیف سکریٹری نے اے پی جینکو کی جانب سے تلنگانہ ڈیسکامس کو 12111 کروڑ کے بقایا جات کی ادائیگی کا مسئلہ اٹھایا۔ آندھرا پردیش کی جانب سے تلنگانہ جینکو سے 3442 کروڑ کی مانگ کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ معاوضہ کی ادائیگی کے بجائے آندھرا پردیش کی جانب سے ہائی کورٹ میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ سومیش کمار نے مقدمہ سے دستبرداری اور رقم کی ادائیگی کی مانگ کی۔ انہوں نے شیڈول IX کے تحت اداروں کی تقسیم کا مسئلہ بھی پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ دکن انفرااسٹرکچر لینڈ ہولڈنگ لمیٹیڈ کو الاٹ کردہ 5 ہزار ایکر اراضی 2015 میں تلنگانہ حکومت نے حاصل کرلی ہے۔ الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں پر یہ کارروائی کی گئی۔ آندھرا پردیش کی جانب سے حکومت کے احکامات کے خلاف ہائی کورٹ سے حکم التواء حاصل کیا گیا ہے۔ سومیش کمار نے آندھرا پردیش اسٹیٹ فینانشیل کارپوریشن کی تقسیم، سنگارینی کالریز کمپنی لمیٹیڈ کی دونوں ریاستوں میں تقسیم، شیڈول X کے اداروں کی تقسیم پر تنازعہ، نئی دہلی کے اے پی بھون کے الاٹمنٹ، بینک ڈپازٹس کی تقسیم کے علاوہ ٹیکس کے بقایا جات کی ادائیگی جیسے اُمور مرکزی ہوم سکریٹری کے روبرو پیش کئے۔ انہوں نے ان مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کی سفارش کی۔ مرکزی ہوم سکریٹری نے کیاش بیالینس کی تقسیم کیلئے 2 نوڈل آفیسرس کے تقرر کی تجویز پیش کی جس پر تلنگانہ نے اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ اور آندھرا پردیش نے اسپیشل چیف سکریٹری فینانس راوت کے نام پیش کئے۔ ورچول اجلاس میں چیف سکریٹری کے علاوہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے چیف منسٹر کے پرنسپل سکریٹری نرسنگ راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری توانائی سنیل شرما، منیجنگ ڈائرکٹر ٹرانسکو پربھاکر راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، وکاس راج، سندیپ کمار سلطانیہ، جیش رنجن اور دوسروں نے شرکت کی۔ر