تلگو فلم اسٹار علی کو صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر سرینواس کا پرسہ

   

حیدرآباد۔ 25 ڈسمبر (سیاست نیوز) ایس سی ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین ڈاکٹر ای سرینواس نے نامور تلگوفلم اداکار علی سے ان کی قیام گاہ پر ملاقات کی اور والدہ کے انتقال پر پرسہ دیا اور تعزیت کی۔ انہوں نے علی کے افراد خاندان سے بھی اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ خاندان میں والدہ کی کمی کو پرنہیں کیا جاسکتا۔ اسی دوران صدرنشین ایس سی ایس ٹی کمیشن نے آج کرسمس تقاریب میں حصہ لیکر عیسائیوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں کرسمس تقاریب روایتی عقیدت کے ساتھ منائی جارہی ہیں اور عیسائی طبقات میں غیر معمولی جوش و خروش دیکھا جارہا ہے۔ ڈاکٹر سرینواس نے میاں پور کے علاقہ میں منعقدہ کرسمس تقاریب میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس تقاریب میں تلنگانہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس تقاریب عالمی امن اور بھائی چارہ میں فروغ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت تمام مذاہب کے عید اور تہوار کا سرکاری طور پر اہتمام کرتی ہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے سرکاری طور پر عید اور تہوار منانے کی روایت کا آغاز کیا ہے۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ غریب عیسائی خاندانوں میں حکومت کی جانب سے کرسمس گفٹ تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں تمام طبقات باہم شیر و شکر زندگی بسر کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی میں اہم رول ادا کریں گے۔