فلم پروڈیوسرس اور نامور ایکٹرس کی چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلگو فلم انڈسٹری کے تحفظ کیلئے تمام اقدامات کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کوویڈ کے چلتے شوٹنگ و سنیما گھربند ہونے سے فلم انڈسٹری اور ملازمین کو نقصانات کے پس منظر میں حکومت رعایات فراہم کریگی۔ چیف منسٹر نے پرگتی بھون میں فلم انڈسٹری کی نمایاں شخصیتوں سے ملاقات کی اور کورونا سے نقصانات پر وضاحت کی۔ فلمی شخصیتوں نے حکومت سے تعاون کی درخواست کی جس پر چیف منسٹر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاست میں نئی صنعتوں کو راغب کرنے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ایسے میں اگر پہلے سے موجود کوئی انڈسٹری مشکلات میں گھر جاتی ہے تو حکومت ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہے۔ ممبئی اور چینائی کی طرز پر حیدرآباد میں ملک کی ایک بڑی فلم انڈسٹری ہے جس کے ذریعہ لاکھوں افراد کو روزگار میسر ہے۔ دیگر انڈسٹریز کی طرح تلگو فلم انڈسٹری کوویڈ کے نتیجہ میں مسائل کا شکار ہوگئی۔ ایسے حالات میں تلگو فلم انڈسٹری سے تعاون کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں فلم انڈسٹری اور حکومت کو مشترکہ طور پر کام کرنا ہوگا۔ جی ایچ ایم سی انتخابات کیلئے ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں فلم انڈسٹری کی ترقی سے متعلق کئی اقدامات شامل کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں چیف سکریٹری سومیش کمار، صدر فلم چیمبرس نارائن داس، کے ایل دامودر پرساد سکریٹری، پروڈیوسرس کونسل کے صدر سی کلیان، فلم اسٹار چرنجیوی، ناگرجنا، ڈسٹری بیوٹر سدھاکر ریڈی، پروڈیوسر نرنجن ریڈی اور دوسرے شریک تھے۔ عنقریب چرنجیوی کی رہائش گاہ پر ایک اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔