مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر، پونالہ لکشمیا کا بیان
حیدرآباد: سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا نے کہا کہ تلگو خاتون وزیر فینانس کی جانب سے مرکزی بجٹ کی پیشکشی کے باوجود تلگو ریاستوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ مسلسل تیسری مرتبہ تلگو خاتون کا بحیثیت وزیر فینانس مرکزی بجٹ پیش کرنا عوام کیلئے باعث فخر ہے جس کے لئے نرملا سیتا رامن مبارکباد کی مستحق ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پونالہ لکشمیا نے کہا کہ تلگو ریاستوں کو امید تھی کہ نرملا سیتارامن بجٹ میں فنڈس اور پراجکٹس کے ذریعہ تلنگانہ اور آندھراپردیش سے انصاف کریں گی لیکن افسوس کہ دونوں ریاستوں کو بجٹ میں کچھ بھی نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو درپیش کئی اہم مسائل کا بجٹ میں احاطہ نہیں ہوا ہے۔ روزگار کی فراہمی کے شعبہ کو نظر انداز کردیا گیا۔ ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری عروج پر ہے ۔ ان دونوں پر قابو پانے میں مودی حکومت ناکام ہوچکی ہیں۔ ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہے جو مہنگائی میں اضافہ کا سبب بنے گا ۔ انہوں نے بجٹ کو مخالف غریب قرار دیا اور کہا کہ صرف کارپوریٹ گھرانوں کی بھلائی پر توجہ دی گئی ہے ۔ پونالہ لکشمیا نے کہا کہ ملک میں حیدرآباد میٹرو سب سے بڑا پراجکٹ ہے لیکن پراجکٹ کی توسیع کیلئے فنڈس مختص نہیں کئے گئے ۔ ٹی آر ایس اور بی جے پی تلنگانہ ریاست کیلئے منحوس ثابت ہوئے ہیں اور دونوں پارٹیاں تلنگانہ کے مفادات کے تحفظات میں ناکام ہوچکی ہیں۔ کانگریس دور حکومت میں ملک کی معیشت کی صورتحال بہتر تھی ۔ صحت کے شعبہ کیلئے محض 64 ہزار کروڑ ناکافی ہوں گے کیونکہ ملک کو کورونا وباء کا سامنا ہے۔ ایسی ریاستوں کو فنڈس اور پراجکٹس دیئے گئے ہیں جہاں عنقریب انتخابات ہیں۔ سیاسی فائدہ کیلئے بی جے پی حکومت بجٹ کا استعمال کر رہی ہے۔ پونالہ لکشمیا نے احتجاجی کسانوں کے مطالبات کو قبول کرتے ہوئے زرعی قوانین سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ غریبوں اور متوسط طبقات کی آمدنی میں اضافہ کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھائے گئے ہیں۔