تل ابیب میں بندوق برداروں کی فائرنگ ۔ 8 اسرائیلی ہلاک

,

   

تل ابیب : اسرائیل کے شہر تل ابیب کے قریب جافا شہر میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 8 افراد ہلاک اور سات دوسرے زخمی ہوگئے ہیں۔ منگل کی رات یہ فائرنگ ہوئی ہے جبکہ کل سے یہودی سال نو شروع ہونے والا ہے ۔ یہ حملے ایسے وقت میں کئے گئے ہیں جبکہ اسرائیل پر ایران کی جانب سے سینکڑوں میزائیل داغے گئے تھے ۔ اسرائیلی قومی ایمرجنسی خدمات سے اعلان کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے جافا پر حملہ کیا اور وہاں کئی اموات ہوئی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ حال ہی میں تعمیر کئے گئے ایک لائیٹ ریل اسٹیشن پر یہ واقعہ پیش آیا ۔ ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ بندوق بردار لائیٹ ریل اسٹیشن سے باہر نکلے اور انہوں نے اچانک ہی فائرنگ کردی ۔ فائرنگ کے نتیجہ میں وہاں نعشیں دکھائی دیں اور کچھ افراد زخمی ہوگئے ۔ مقامی پولیس کے بموجب دو مسلح افراد کو سکیوریٹی فورسیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ ایک وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔ تل ابیب کے ضلع کمانڈر حائم سرگروف نے کہا کہ ہم ان کے مقام سے واقف ہیں اور مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملہ آور اسرائیلی شہری نہیں ہیں۔ اسرائیلی ایمبولنس سرویس نے بتایا کہ اسے شام 7 بج کر ایک منٹ پر فائرنگ کے واقعہ میں عوام کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے پہلے ریل میں فائرنگ کی تھی اور بعد میں انہوں نے پلیٹ فارم پر بھی فائرنگ کردی ۔ کہا گیا ہے کہ ایک لائیٹ ریل سکیوریٹی گارڈ ‘ میونسپل یونٹ کے دو عہدیداروں اور پولیس عہدیداروں نے حملہ آوروں پر فائرنگ کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ کئی زخمیوں کو حملے کے مقام پر ہی طبی امداد پہونچائی گئی تھی اور ان کی حالت تشویشناک تھی ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جب وہ ٹرین میں تھے اسی وقت فائرنگ کی آواز سنائی دی تھی اور ہم نے سمجھا کہ یہ آتشبازی ہے تاہم بعد میں یہ انتہائی سنگین صورتحال دکھائی دی اور کئی راونڈ فائرنگ کی گئی ۔ کئی لوگ فرش پر لیٹ گئے تھے اور چیخ و پکار کر رہے تھے ۔ مقامی عوام نے بتایا کہ لوگ حملہ کے بعد خوف کے عالم میں بھاگتے دکھائی دئے اور دوکانداروں نے اپنی دوکانیں بند کردیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اسرائیل کے خلاف یہ دوہری کارروائی تھی کیونکہ ایران نے آج ہی اسرائیل پر سینکڑوں بیالسٹک میزائیل داغے اور یہودی ٹینکوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔ اسرائیل نے اس حملے کو ناکام بنانے کا ادعا بھی کیا ہے ۔