تل ابیب کیلئے امارات کی فضائی سروس 30نومبر تک بند

   

دبئی : متحدہ عرب امارات کی امارات ایئر لائنز نے تل ابیب کیلئے پروازوں کی منسوخی میں 30 نومبر تک توسیع کردی ہے ۔ امارات کی موبائیل اپلیکیشن پر جاری ایک بیان کے مطابق ہم اسرائیل کی صورتحال کو مانیٹر کررہے ہیں اور متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں ۔ ہمارے لئے مسافروں ، عملے اور اسٹیک ہولڈرز کی حفاظت اولین ترجیح ہے ۔ یاد رہے کہ حماس اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ کے نتیجہ میں متعدد عالمی فضائی کمپنیوں نے سیکوریٹی وجوہات کی بناء پر سروس معطل کردی تھی ۔غزہ میں 7 اکٹوبر کو حماس نے ایک غیر معمولی حملہ کیا تھا جس کے دوران اس کے جنگجوؤں نے سرحدی باڑ عبور کر کے اسرائیلی فوجی اڈوں میں گھس کر غزہ کی پٹی کے خلاف قائم سرحدی بستیوں پر حملہ کیا تھا جس میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں زیادہ ترعام شہری تھے اور 240 کو یرغمال بنالیا تھا ۔ اسرائیلی حکام کے مطابق اس کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر شدید بمباری اور زمینی کارروائیاں کیں جس میں جمعہ کی شام سے تیزی آئی ہے ۔