تمام ارکان کے مفادات کے تحفظ اور ایوان میں غیرجانبداری کا عہد : اوم برلا

,

   

اسپیکر لوک سبھا برلا کی اولین تقریر، متفقہ انتخاب، غیرجانبداری کیلئے اپوزیشن کا زور

نئی دہلی ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) این ڈی اے کے نامزد امیدوار اوم برلا آج متفقہ طور پر اسپیکر لوک سبھا منتخب کرلئے گئے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور اپوزیشن نے انہیں ایوان کی کارروائی بلا رکاوٹ چلانے کی تائید کیلئے تہہ دل سے تعاون کا تیقن دیا۔ کانگریس کے قائد ادھیر رنجن چودھری، ڈی ایم کے قائد ٹی ایس بالو اور ترنمول کانگریس قائد سدیپ بنڈوپادھیائے نے برلا کی تائید کی اور ان پر زور دیا کہ وہ ایوان زیریں کے غیرجانبدار پریسائیڈنگ آفیسر ثابت ہوں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اوم برلا کی طویل عوامی زندگی بطور طلباء قائد، گوٹا (راجستھان) اور ملک کے دیگر علاقوں بشمول 2011ء کے گجرات میں زلزلہ اور 2013ء میں یو پی کے سیلاب کے دوران سماجی خدمات کے حوالہ سے ان کی دل کھول کر ستائش کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ اوم برلا نے اپنی جوابی تقریر میں تیقن دیا کہ وہ ایوان کی کارروائی غیرجانبدارانہ طور پر چلائیں گے۔ تمام ارکان کے مفادات کا تحفظ کریں اور ہر ایک کی بات کی سماعت کریں گے۔ کانگریس قائد ادھیر رنجن چودھری نے برلا کی بھرپور تائید کا اعلان کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اسپیکر ایوان کی کارروائی غیرجانبدارانہ طور پر چلائیں گے اور اپوزیشن کو عوامی مفاد کے مسائل اٹھانے کیلئے کافی وقت دیں گے۔ انہوں نے لوک سبھا کی جانب سے چند بلز کے سلیکٹ کمیٹیوں سے رجوع کئے جانے پر تشویش ظاہر کی اور اسی رجحان کو برعکس کردینے کی امید ظاہر کی۔ بی جے پی کے پناکی مشرا نے بھی ان ہی خیالات کا اعادہ کیا۔ 54 سالہ قائد مودی اور قومی صدر بی جے پی امیت شاہ کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔ ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں تھا اس لئے ان کا متفقہ طور پر انتخاب عمل میں آیا اور وزیراعظم مودی انہیں اسپیکر کی کرسی تک پہنچایا۔ ان کی تائید میں قراردادیں پیش کی گئی تھیں۔ اسپیکر کے بارے میں تقریر کرنے والے اپوزیشن قائدین میں کانگریس، ڈی ایم کے وغیرہ اور بی جے پی کے مرکزی وزیر رام داس اٹھاولے بھی شامل تھے۔ نومنتخب اسپیکر اوم برلا نے اپنی جوابی تقریر میں تمام ارکان کی سماعت، ان کے مفادات کے تحفظ اور ایوان کی کارروائی غیرجانبدارانہ طور پر چلانے کا تیقن دیا۔ انہوں نے ایوان کی کارروائی بلارکاوٹ چلانے کیلئے ہر ایک رکن سے اپیل کی۔