نیویارک : ڈونالڈ ٹرمپ نے صدارتی امیدوار کے لیے ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی باضابطہ طور پر قبول کرلی۔ ری پبلکن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ تمام امریکیوں کے لیے صدارتی انتخابات لڑرہا ہوں۔ میری جیت نصف امریکہ کے لیے نہیں ہوگی۔ سابق امریکی صدر نے کہا کہ ہم متحد ہیں، ہمارے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آسکتی، ہم جھکنے والے نہیں۔ ٹرمپ نے کہا کہ حملے کے وقت اگر وہ آخری لمحے پر اپنا سر نہ موڑتے تو گولی ان کے سر پر لگتی اور وہ آج یہاں نہ ہوتے۔ میں خدا کے فضل سے آج آپ کے سامنے کھڑا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سنگین واقعہ کے بعد آج ہم پہلے سے زیادہ متحد اور پْرعزم ہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ حملے کے بعد دایاں بازو لہراتے ہوئے فائٹ، فائٹ کا نعرہ لگایا۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا کہ افسوسناک واقعہ میں ایک محب وطن امریکی مارا گیا۔ سیکرٹ سروس نے خود کو خطرہ میں ڈال کر مجھے بچایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموکریٹس امریکہ کو متحد کرنا چاہتے ہیں انہیں متعصبانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔ ڈیموکریٹ انصاف کے نظام کو ہتھیار بنانا اور سیاسی مخالف کو جمہوریت کا دشمن قراردینا بندکرے۔