توہمات کے خاتمہ کیلئے شعور بیداری پروگرام

   

جوگنی خواتین میں اشیائے ضروریہ کی تقسیم، چیرپرسن زرعی مارکٹ کمیٹی ایم جیوتی کا خطاب

نارائن پیٹ۔/5 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرسی انڈیا فاونڈیشن کے زیر اہتمام نارائن پیٹ کے شیلا گارڈن فنکشن ہال میں جوگنیوں میں ضروری اشیاء کی تقسیم عمل میں آئی۔ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر شریمتی موساتی جیوتی چیرپرسن زرعی مارکٹ کمیٹی نارئن پیٹ نے شرکت کی۔ اس موقع پر شریمتی جیوتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے جوگنی نظام کو مکمل طور پر ختم کردیا ہے۔ ماضی میں جوگنی بننے والی خواتین کو حکومت وظائف جاری کرتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ سے جوگنی نظام کو اکھاڑ پھینکا جائے۔ اگر یہ سلسلہ کہیں جاری ہے تو اس کو روکنے کے لئے متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دراصل جوگنی نظام کی جڑیں ناخواندگی کی بنیاد پر تعمیر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مذہب میں اس کی اجازت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کی خرابیوں اور معاشرہ میں ہونے والے اس کے غلط اثرات سے عوام کو واقف کروایا جائے۔ اس سے معاشرہ میں موجود توہمات اور برائیوں کو تقویت ملتی ہے۔ عوام میں شعور بیداری کے لئے دیہاتوں میں پروگرام منعقدکئے جائیں۔ بعد ازاں انہوں نے نارائن پیٹ ضلع کے مکتھل منڈل میں 200 سے زائد جوگنیوں میں آپریشن مرسی انڈیا فاؤنڈیشن کی پراجکٹ منیجر شریمتی انجیلا ڈیوس، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر شریمتی جاجماں کے ساتھ ضرور اشیاء تقسیم کئے۔ اس پروگرام میں محکمہ صحت کے عہدیدار نارائنا، شریمتی آشماں کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔