تکو گوڑہ میں 6 اپریل کو کانگریس کا قومی انتخابی منشور جاری ہوگا

   

راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی شرکت، جلسہ عام میں 10 لاکھ افراد کی شرکت متوقع، ریونت ریڈی نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد 2 اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی قومی سطح پر لوک سبھا چناؤ کی انتخابی مہم کا 6 اپریل کو شہر کے مضافاتی علاقہ تکوگوڑہ میں آغاز ہوگا جہاں کانگریس کا قومی انتخابی منشور جاری کیا جائے گا۔ راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور ملکارجن کھرگے کی موجودگی میں قومی انتخابی منشور کی اجرائی کے موقع پر جلسہ عام میں تقریباً 10 لاکھ افراد کی شرکت کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج پارٹی قائدین کے ساتھ تکو گوڑہ پہونچ کر راجیو گاندھی پرانگنم کا معائنہ کیا اور انتظامات کے سلسلہ میں ضروری ہدایات دیں۔ 6 اپریل کی شام جلسہ عام کو ’’تلنگانہ جنا جاترا‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے ریاستی وزیر سریدھر بابو کے علاوہ پارٹی قائدین مال ریڈی رنگاریڈی، لکشما ریڈی، نرسمہا ریڈی، منوہر ریڈی، ومشی چند ریڈی، چیرپرسن ضلع پریشد سنیتا مہندر ریڈی، روہن ریڈی، رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو کے ہمراہ گراؤنڈ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ اسمبلی انتخابات کا منشور 17 ستمبر کو سونیا گاندھی نے اِسی مقام سے جاری کیا تھا جس کے بعد کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا۔ تکو گوڑہ کے اِس میدان سے کانگریس کی جذباتی وابستگی ہے لہذا قومی سطح پر انتخابی منشور اِسی مقام سے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہاکہ قومی منشور کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے لئے بھی علیحدہ منشور جاری کیا جائے گا جس میں تلنگانہ عوام سے وعدے شامل رہیں گے۔ قومی سطح پر کانگریس پارٹی عوام کے لئے 5 ضمانتوں کا اعلان کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ریاست کے تمام اضلاع سے لاکھوں کی تعداد میں عوام شرکت کرتے ہوئے کانگریس سے اپنی وابستگی کا اظہار کریں گے۔ ریونت ریڈی نے کہاکہ کانگریس نے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا تھا اُن میں سے اقتدار کے 100 دنوں میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ خواتین کو آر ٹی سی میں مفت سفر، آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج، 500 روپئے میں گیس سیلنڈر، 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور اندراماں انڈلو جیسے وعدوں پر عمل آوری جاری ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اختتام پر حکومت مزید وعدوں پر عمل کرے گی۔ عادل آباد سے عالم پور تک کانگریس کے حامی بڑی تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کریں گے اور یہ ملک میں کانگریس اقتدار کی بحالی کا آغاز ثابت ہوگا۔ 1