بینکاک، یکم فروری (یو این آئی/ژنہوا)تھائی لینڈ کے ایوانِ نمائندگان کے انتخابات کے لیے ابتدائی ووٹنگ اتوار کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوئی، جس میں 20 لاکھ سے زائد اہل ووٹرز نے حصہ لیا جو 8 فروری کو ہونے والی اصل پولنگ کے دن ووٹ ڈالنے سے قاصر ہیں۔ابتدائی ووٹنگ میں حصہ لینے والے ووٹرز کو پولنگ اسٹیشنوں پر دو بیلٹ پیپر دیے گئے ۔ ایک بیلٹ ایوانِ نمائندگان کے لیے حلقہ جاتی امیدوار کے انتخاب کے لیے تھا، جبکہ دوسرا اپنی پسندیدہ سیاسی جماعت کو ووٹ دینے کے لیے ۔ ابتدائی ووٹنگ شام 5 بجے اختتام پذیر ہوئی، اور تمام بیلٹ پیپرز کی گنتی 8 فروری کے بعد ایک ساتھ کی جائے گی۔ملک بھر میں 5 کروڑ سے زائد ووٹرز ایوانِ نمائندگان کے 500 اراکین کا انتخاب کریں گے ، جن میں سے 400 ارکان مقامی حلقوں سے منتخب ہوں گے جبکہ باقی 100 نشستیں عوامی ووٹوں کے تناسب سے سیاسی جماعتوں کو دی جائیں گی۔