دوحہ؍ قاہرہ: اسرائیل پر حملے میں حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 22 تھائی باشندوں کی قسمت پر بات چیت کیلئے تھائی لینڈ کے وزیرِ خارجہ نے منگل کو قطر اور مصر کا ہنگامی دورہ شروع کیا۔اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ حماس کی جانب سے 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی سے اسرائیل پر حملے میں 1400 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔جواب میں اسرائیلی فوج نے غزہ پر یلغار کر دی جہاں وزارتِ صحت کے مطابق 8,300 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے جن میں 3,000 سے زیادہ بچے ہیں۔بنکاک میں وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق غزہ میں حماس کے ہاتھوں 230 سے زائد افراد یرغمال ہیں – جن میں سے 22 تھائی باشندے ہیں۔تھائی وزیرِ اعظم سریتھا تھاوسین نے پیر کو کہا کہ ان کی حکومت تھائی شہریوں کی وطن واپسی کیلئے سخت محنت کر رہی ہے۔