ضرورت مندوں کو خون کا عطیہ دینے نوجوانوں سے آگے آنے کی اپیل
حیدرآباد۔25جنوری(سیاست نیوز) تھلیسمیا متاثرین کو خون کی قلت کو دیکھتے ہوئے تھلیسمیا سکل کئیر سوسائٹی نے شہریوں بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ تھلیسمیا کے بینک واقع شاستری پورم پہنچ کر خون کا عطیہ دیں کیونکہ حکومت کی تحدیدات اور جی او ایم ایس 1 کے سبب خون کے عطیہ کیمپ کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے جس کی وجہ سے تھلیسمیا کے وہ معصوم متاثرین جنہیں ماہانہ خون کے عطیہ کی ضرورت ہوتی ہے وہ مشکل دور سے گذر رہے ہیں۔جوائنٹ سیکریٹری سوسائٹی جناب مرزا عبدالعلیم بیگ نے بتایا کہ گذشتہ ماہ سے ریاست میں کوئی خون کے عطیہ کا کیمپ منعقد نہیں کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے صورتحال نازک ہوتی جا رہی ہے اور ان مریضوں کو خون نہیں مل پا رہاہے جنہیں ماہانہ خون کا عطیہ لازمی دیا جانا ہوتا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سوسائٹی سے تھلیسمیا کے متاثرین کو مفت خون فراہم کیا جاتا ہے اور جو خون دیا جاتا ہے وہ عطیہ کیمپ سے ملنے والا خون ہی ہوتا ہے لیکن کورونا پابندیوں کے پیش نظر جاریہ ماہ ایک بھی کیمپ منعقد نہیںکیا جاسکا ہے ۔ بلڈ بینک میں بھی خون کی قلت ہے اور مریضوں کو خرید کر خون چڑھانا پڑرہا ہے۔ جناب مرزا عبدالعلیم بیگ نے بتایا کہ 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کے موقع پر بھی خون کے عطیہ کیمپ منعقد ہوا کرتے تھے لیکن اجازت نہ ملنے سے خون کا عطیہ کیمپ منعقد نہیںکیا جا رہاہے ۔انہو ںنے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ شاستری پورم میں واقع تھلیسمیا کئیر بلڈبینک پہنچ کر خون کا عطیہ دیں تاکہ تھلیسمیا کے متاثرین کو راحت حاصل ہوسکے ۔ بلڈ بینک میں کورونا سے بچاؤ کا پورا اور خصوصی خیال رکھا جا رہاہے اور سماجی فاصلہ کی برقراری کے علاوہ ماسک کا لزوم عائد ہے ‘عطیہ دہندگان کے تحفظ اور مریضوں کے تحفظ کو نظر میں رکھتے ہوئے نوجوان بلڈ بینک پہنچ کرعطیہ دے سکتے ہیں۔م