جموں کشمیر: سری نگر میں زائد از تین دہائیوں کے بعد روایتی راستوں سے جمعرات یعنی 8 محرم کو محرم جلوس بر آمد ہوا جو شہید گنج سے نکل کر براستہ مولانا آزاد روڈ ڈلگیٹ میں اختتام پذیر ہوا۔بتادیں کہ انتظامیہ نے جلوس کو صبح 6 سے 8 بجے تک دو گھنٹوں کی اجازت دی تھی۔جلوس عزا میں شرکت کرنے کے لئے جمعرات کی صبح سے ہی ہزاروں کی تعداد میں لوگ شہید گنج میں جمع ہوئے اور یہ جلوس روایتی راستوں سے ڈلگیٹ کی طرف روانہ ہوا۔جلوس میں شریک عزا دار کشمیری اور اردو زبان میں نوحے پڑھے رہے تھے اور کربلا کے مصائب یاد کرکے زار و قطار رو رہے تھے۔ عزا دار جن کی اکثریت سیاہ لباس میں ملبوس تھی، ہاتھوں میں پرچم اٹھائے، جن پر یاحسین لکھا ہوا تھا، سینہ کوبی کرتے ہوئے براستہ مولانا آزاد روڈ ڈلگیٹ کی طرف روانہ ہوئے جہاں یہ جلوس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہوا