ایک بل مسترد ، دو سے متعلق حکومت سے مزید وضاحت
طلبی، راج بھون میں کوئی بل زیر التواء نہیں
حیدرآباد۔24۔اپریل (سیاست نیوز) گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے حکومت کے زیر التوا بلز پر اہم فیصلہ کیا ہے۔ گورنر نے حال میں بعض بلز کو منظوری دی تھی اور بعض کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تین بلز ایسے ہیں جن پر گورنر کو فیصلہ کرنا باقی تھا، ان میں گورنر نے ایک بل کو نامنظور کرکے باقی دو بلز پر حکومت سے وضاحت طلب کی ۔ ڈائرکٹوریٹ آف میڈیکل ایجوکیشن اور میڈیکل ڈپارٹمنٹ کے عہدوں پر سبکدوشی کی عمر میں اضافہ سے مطابق بل کو گورنر نے مسترد کردیا ۔ مجالس مقامی کی میعاد میں توسیع کو تین ماہ سے بڑھاکر چار ماہ کرنے کے علاوہ کوآپشن ارکان کی تعداد میں اضافہ سے متعلق بل کے علاوہ خانگی یونیورسٹیز کے قیام سے متعلق بل کے بارے میں گورنر نے حکومت سے وضاحت طلب کی ہے ۔ گورنر کے فیصلہ کے بعد راج بھون میں ایک بھی بل زیر التواء نہیں رہا ۔ گورنر سوندرا راجن نے تین بلز کو منظوری دی تھی اور دو بلز جائزہ لینے اور منظوری کیلئے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے پاس روانہ کئے گئے۔ واضح رہے کہ سرکاری بلز کی منظوری میں تاخیر پر تلنگانہ حکومت نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ سپریم کورٹ کو بتایا گیا کہ 10 میں سے 3 بلز منظور کئے گئے اور دو صدر جمہوریہ کے غور کیلئے روانہ کئے گئے ۔ دو بلز پر حکومت سے وضاحت طلب کی گئی ہے جبکہ تین بلز گورنر کے زیر غور ہیں۔ سپریم کورٹ میں درخواست کی سماعت سے عین قبل گورنر نے زیر التواء تینوں بلز کے بارے میں فیصلہ کرلیا ہے ۔ ر