نئی دہلی : دہلی میں تین طلبہ کی ہلاکت نے حکومت کے لیے اچھا خاصا قضیہ کھڑا کردیا ہے۔ دو طالبات اور ایک طالبِ علم کی ہلاکت دہلی کے ایک کوچنگ سینٹر میں پانی بھر جانے کے باعث واقع ہوئی۔ ہوا یوں کہ گزشتہ ہفتہ کے دن دہلی میں موسلا دھار بارش کے باعث بہت سے علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا۔ بارش کا پانی دہلی کے آر اے یو آئی اے ایس کوچنگ سینٹر میں بھی بھرگیا۔ یہ کوچنگ سینٹر ایک کثیرالمنزلہ عمارت کی بیسمنٹ میں واقع ہے۔ شرییا یادو، تانیا سونی اور نوین ڈالِون بھی اْن لاکھوں طلبہ میں سے تھے جو اعلیٰ سرکاری نوکری کے حصول کے لیے دن رات پڑھائی میں مصروف رہتے تھے۔ آر اے یو اے آئی ایس اسٹڈی سرکل نامی یہ کوچنگ سینٹر دہلی کے علاقہ اولڈ راجندر نگر میں واقع ہے۔ تین طلبہ کی ہلاکت کے بعد اولڈ راجندر نگر میں عمارات کی بیسمنٹ میں قائم 13 کوچنگ سینٹرز کو سیل کردیا گیا ہے۔ مرکزی حکومت نے وزارتِ داخلہ کے تحت ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو آر اے یو اسٹڈی سرکل میں پانی بھر جانے سے ہونے والی ہلاکتوں سے متعلق تحقیقات کرے گی اور ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔