دبئی ۔ہندوستانی سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شعیب ملک نے اپنی طلاق سے متعلق خبروں کو ایک بار پھر ہوا دے دی۔ گزشتہ برس سے طلاق کے حوالے سے شہ سْرخیوں کی زینت بننے والی اس اسٹار جوڑی نے کبھی اپنی طلاق کی تصدیق نہیں کی تاہم طویل عرصے سے ایک ساتھ دکھائی نہ دینے اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر بھی ایک دوسرے سے لاتعلقی اختیارکرنے کے باعث ان کی طلاق کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ تاہم اب ایک بار پھر ٹیم کے سابق کپتان شعیب نے ان گردشی خبروں کو اس وقت ہوا دی جب انہوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اپنا بائیو (تعارف) تبدیل کر دیا۔ اس سے قبل انہوں نے اپنے بائیو میں سابق ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے شوہر ہونے پر فخر محسوس کرتے ہوئے لکھا تھا کہ سوپر ویمن کا ہسبینڈ‘ اور ساتھ ہی ثانیہ مرزا کو ٹیگ بھی کیا ہوا تھا۔ تاہم اب انہوں نے اپنے بائیو کو تبدیل کرتے ہوئے سوپر ویمن کا شوہر ہٹا دیا اور کچھ مزید ترمیم بھی کی گئیں۔ سابق کرکٹرکی بائیو میں پہلے ایتھلیٹ لکھا ہوا تھا اب اس کی جگہ پروایتھلیٹ نے لے لی ہے اور ساتھ ہی ’لِو اَن بروکن‘ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ’لِو اَن بروکن‘ امریکی مصنفہ تریسیا مائلزکی ایک مشہور کتاب ہے جس کا موضوع طلاق کے بعد خودکو سنبھالنے اور ثابت قدم رہنے کے حوالے سے ہے۔ کرکٹر کی بائیو کے حوالے سے مزید بات کی جائے تو انہوں نے بیٹے کو نعمت قرار دے رکھا ہے اور ساتھ ہی کانٹینٹ مینیجر کو بھی ٹیگ کیا ہوا ہے۔ دوسری جانب سوشل میڈیا پر یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ شعیب اور ثانیہ نے انسٹاگرام سے ایک دوسرے کو فالوکرنا بھی ترک کردیا ہے لیکن ان قیاس آرائیوں میں اب تک کوئی صداقت نہیں ہے اور دونوں ایک دوسرے کو فالوکر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کی شادی 2010 میں ہوئی تھی، شادی کے 8 برس بعد 2018 میں ان کے یہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی جس کا نام انہوں نے اذہان مرزا ملک رکھا ہے ۔