جوہانسبرگ ۔13 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان اور تجربہ کار آل راؤنڈر ثنا میر نے ونڈے کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی، انہوں نے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی خاتون اسپنر بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلے گئے آئی سی سی ویمنس چمپیئن شپ کے تیسرے میچ میں ثنا میر نے حریف کپتان سون لوس کو پویلین کی راہ دکھا کر یہ ریکارڈ قائم کیا۔ ثنا میر نے سونن لوس کو آؤٹ کر کے ونڈے کرکٹ میں 147ویں وکٹ حاصل کرنے کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا جس کے ساتھ ہی وہ ونڈے کرکٹ میں کامیاب ترین اسپنر بن گئیں۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کی اسپنر انیسہ محمد کو اس عالمی ریکارڈ سے محروم کردیا جنہوں نے 146 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ ویمنس ونڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والوں میں ثنا میر تیسرے نمبر پر موجود ہیں، سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز ہندوستان کی جھولن گوسوامی کو حاصل ہے -اب تک 218 وکٹیں حاصل کر چکی ہیں جبکہ 180وکٹوں کے ساتھ آسٹریلیا کی کیتھرین فٹز پیٹرک دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ثنا میر کو 147وکٹیں حاصل کرنے کے ساتھ 1599 رنز بنانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ سیریز کے تیسرے ونڈے میچ میں جنوبی افریقی ویمنس ٹیم نے پاکستان کو فتح کے لیے 266 رنز کا ہدف دیا تھا جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم نے بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور میزبان ٹیم کے کامیابی کے خواب کو چکنا چور کردیا۔ جویریہ خان کے 74 اور عالیہ ریاض کے 71 رنز کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 265 رنز بنا کر اسکور کو برابر کردیا اور میچ میں کوئی بھی ٹیم فتح حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ عالیہ ریاض کو میچ میں 71 رنز کے علاوہ 2 وکٹیں حاصل کرنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا اور جنوبی افریقہ کی لورا وولواٹ کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔