حیدرآباد ۔ 22 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : جائیداد اور گھریلو تنازعات سے تنگ آکر ایک بیٹے نے باپ کا قتل کردیا ۔ کشائی گوڑہ پولیس حدود میں بیٹے نے بیچ سڑک باپ پر وحشیانہ انداز میں وار کرکے قتل کردیا ۔ گھر سے باپ کا تعاقب کرکے بس اسٹاپ پر باپ کو روک لیا اور چاقو سے وار کرکے قتل کردیا ۔ 45 سالہ موگلی اس کے بیٹے سائی کمار کے ہاتھوں ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے سائی کمار کو حراست میں لے لیا ہے ۔ اس قتل کی واردات کا لائیو ویڈیو مقامی سی سی ٹی وی کیمروں میں قید کرلیا گیا ۔ دونوں باپ بیٹے ایک ہی کمپنی میں ملازمت کرتے تھے ۔ باپ کی حرکتوں سے بیٹا تنگ آچکا تھا ۔ جائیداد کا مسئلہ اور گھریلو تنازعات اس خاندان میں تناؤ کا سبب بن گئے تھے ۔ کثرت سے شراب نوشی اور افراد خاندان سے ہر دن جھگڑا کرنا موگلی کی عادت بن گئی تھی ۔ جس سے اس کا بیٹا تنگ آچکا تھا ۔ آج صبح جب موگلی اپنے کام کے لیے گھر سے نکلا اور بس میں سوار ہوا تو بیٹے نے بھی اس تعاقب کیا ۔ بیٹا سائی کمار موٹر سیکل پر سوار تھا ۔ جیسے ہی باپ بس سے اترا اس نے بس اسٹاپ کے قریب سڑک کے بیچوں بیچ دن دہاڑے باپ پر چاقو سے ٹوٹ پڑا اور 10 تا 15 مرتبہ باپ پر وحشیانہ انداز میں حملہ کردیا ۔ مقامی عوامی نے فوری موگلی کو ہاسپٹل منتقل کیاجہاں وہ فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع