عوامی اتحاد کی برقراری پر ریاستی قائدین سے مشاورت کے بعد ہائی کمان کا فیصلہ
حیدرآباد۔11 فروری (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات کے لیے کانگریس امیدواروں کے ناموں کا جاریہ ماہ کے اواخر تک اعلان کردیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سی ایل پی قائد نے کہا کہ لوک سبھا نشستوں کے لیے بڑی تعداد میں درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی تلنگانہ میں زائد نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔ عوامی اتحاد کی برقراری سے متعلق مسئلہ پر بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ اس مسئلہ پر ہائی کمان قائدین کی رائے حاصل کررہا ہے اور جاریہ ماہ کے اواخر تک اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ کرلیا جائے گا۔ پارٹی کے ریاستی قائدین نے اس سلسلہ میں صدر کانگریس راہول گاندھی کو اپنی رائے سے آگاہ کردیا ہے۔ اے آئی سی سی کو پردیش کانگریس کمیٹی اپنی رائے تحریری طور پر روانہ کرے گی۔ ہائی کمان کا فیصلہ اس بارے میں قطعی ہوگا۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں عوامی اتحاد کے سبب کانگریس کو ہوئے نقصان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہا کہ بعض مقامات پر اتحاد سے فائدہ بھی ہوا ہے۔ تمام امور کا گہرائی سے جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت پر زرعی شعبہ کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ زرعی پیداوار کی امدادی قیمت سے کسانوں کو محروم رکھا گیا ہے۔ تلنگانہ میں کسانوں سے زیادہ درمیانی افراد کو فائدہ ہورہا ہے۔ تلنگانہ میں ہلدی کے کسان مختلف مسائل سے دوچار ہیں اور حکومت کو چاہئے کہ 10 ہزار روپئے فی کنٹل کے حساب سے خریدی کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل کے سی آر نے کسانوں کو خوش کرنے کے لیے کئی اعلان کیئے تھے لیکن کامیابی کے بعد فراموش کردیا گیا۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ جہاں کہیں بھی کسان مسائل سے دوچار ہیں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی ٹیم وہاں دورہ کرے گی۔