ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی اور پنچایت اداروں پر توجہ : پی سرینواس ریڈی
حیدرآباد۔ 15 جون (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ جاریہ ماہ کے اواخر میں پنچایت راج اداروں کے انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں اس مسئلہ پر غور و خوض ہوگا اور تاریخوں کا تعین کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلہ میں ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات ہوں گے اس کے بعد سرپنچ اور مجالس مقامی کے انتخابات منعقد کئے جائیں گے۔ حکومت نے گرام پنچایتوں میں وارڈس کی تقسیم اور فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام مکمل کرلیا ہے۔ ایم پی ٹی سی نشستوں کی از سر نو حد بندی اور فہرست رائے دہندگان کی تیاری کا کام جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت نے تحفظات کے سلسلہ میں فیصلہ کرلیا ہے۔ پنچایتوں، ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی چناؤ کی تکمیل کے بعد میونسپلٹیز اور کارپوریشنوں کے انتخابات ہوں گے۔ حکومت نے پنچایت راج اور بلدی نظم و نسق محکمہ جات کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت دی ہے۔ مجالس مقامی انتخابات 15 دنوں میں مکمل کئے جائیں گے۔ کانگریس، بی آر ایس اور بی جے پی نے مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ کابینی اجلاس میں شیڈول سے متعلق فیصلہ کے بعد دیہی سطح پر سیاسی سرگرمیاں تیز ہو جائیں گیں۔ کانگریس نے مواضعات کی سطح پر سرپنچ کے امیدواروں کا انتخاب شروع کردیا ہے۔ پارٹی آبزرورس اور ضلع کانگریس صدور سے مشاورت کے ذریعہ امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دی جائے گی۔ 1