جامعہ ملیہ اسلامیہ کی عظمیٰ کو امریکی یونیورسٹیوں سے اسکالرشپ

   

نئی دہلی : جامعہ ملیہ اسلامیہ کی سابق طالبہ عظمیٰ خان جنھوں نے فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اپلائیڈ سائنس سے اپنا ایم ایس سی سال دوہزار اکیس میں مکمل کیاہے انھیں امریکہ کی چھ ممتاز یونیورسٹیوں سے سو فیصدی اسکالرشپ کی پیش کش ہوئی ہے ۔انھوں نے امریکہ کی نو یونیورسٹیوں میں صد فی صد اسکالر شپ کے لیے درخواست جمع کی تھی جن میں سے چھ سے انھیں آفر ملی ہے ۔ان کی تحقیق کا موضوع ’’زیر زمین وائر لیس کمیونی کیشن اینڈ سگنل پروسیسنگ‘‘ ہے ۔ عظمیٰ کو صد فی صد ٹیوشن فیس معاف ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی چھ یونیورسٹیوں میں جن کے نام یہ ہیں لیہیگ یونیورسٹی،سنسناٹی یونیورسٹی،میری لینڈ یونیورسٹی،بالٹی مور کاؤنٹی،سونی(صوبائی یونیورسٹی،نیویارک)بوفیلو؛ سونی البانے اور نیو ہیمپ شائر یونیورسٹی کے کیمپس میں رسرچ یا تدریس اسسٹنٹ کے لیے ماہانہ وظیفہ بھی ملے گا۔ عظمیٰ نے لیہائی یونیورسٹی کا انتخاب کیاہے اور اگست 2022میں جوائن کریں گی۔ یونیورسٹی انھیں ایک مرتبہ کا ری لوکیشن الاؤنس بھی دے رہی ہے ۔انھوں نے کہا کہ‘اس یونیورسٹی کا انتخاب میں نے اس لیے کیا کہ وہاں کے نگراں سے میری تعلیمی اہلیت اور تحقیقی دلچسپی مکمل طورپر ہم آہنگ ہے ۔