نئی دہلی 12 جون (سیاست ڈاٹ کام ) فتح پوری مسجد کے شاہی امام مفتی مکرم نے کورونا کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے آئندہ 4 جولائی تک مسجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا اور عوام سے بلاوجہ گھر سے باہرنہ نکلنے کی اپیل کی۔ جمعرات کے روز دہلی جامع مسجد کے شاہی امام سید احمد بخاری نے 30 جون تک مسجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا اور آج جمعہ کے روز فتح پوری مسجد کے شاہی امام مفتی محمد مکرم نے بھی مسجد بند کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے نماز جمعہ کے بعد بتایا کہ آج (12 جون) رات تقریباً 8 بجے سے مسجد میں عوام کے داخلے پر روک لگ جائے گی، اور یہ پابندی 4 جولائی تک کے لیے ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہی امام مفتی محمد مکرم نے کہا کہ’’ ملک میں گزشتہ 24 گھنٹے میں اب تک سب سے زیادہ کورونا انفیکشن کے معاملے سامنے آئے جو کہ تشویشناک ہیں۔ مہلوکین کی تعداد بھی لگاتار بڑھ رہی ہے اور دہلی کی حالت کافی خراب ہے‘‘۔