جاوید اختر کے خلاف بہار کی عدالت میں کیس

   

دہلی فسادات پر ریمارک کرنا ،نغمہ نگار کو مہنگا پڑا
بیگو سرائے ۔5مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) مشہور نغمہ نگار جاوید اختر کے خلاف بہار کی عدالت میں ایک شکایت درج کروائی گئی ہے ۔ دہلی فسادات کے پس منظر میں عام آدمی پارٹی سے معطل شدہ کونسلر طاہر حسین کے خلاف ایف آئی آر رجسٹرڈ کرنے پر انہوں ریمارک کیا تھا اور لکھا تھا کہ صرف طاہر حسین ہی کیوں دیگر کیوں نہیں ۔ شکایت کنندہ نے مقامی وکیل امیت کمار کے ذریعہ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ ٹھاکر امان کمار کے سامنے شکایت پیش کی ہے ۔ اخبار کی رپورٹ کی بنیاد پر شکایت کنندہ نے الزام عائد کیا کہ جاوید اختر کے یہ ریمارکس غداری کی تاریخ میں آتے ہیں اور مذہبی منافرت پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جاوید اختر نے 27فبروری کو ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کئی افراد ہلاک ہوئے ، کئی زخمی ہوئے ، کئی مکانات جلادیئے گئے ، کئی دکانات لوٹ لئے گئے لیکن پولیس نے صرف ایک گھر کو مہربند کیا ہے ۔ اب اس گھر کے مالک کو تلاش کررہی ہے اتفاق سے اُس سے کا نام طاہر ہے ۔ دہلی پولیس کی اس پھرتی پر سلام کرنے کو جی چاہتا ہے ۔