ٹوکیو : جاپان کے وزیر دفاع منورو کیہارا کا کہنا ہے کہ جاپانی شپ یارڈز اور ہینگرز میں امریکہ کے بحری جہازوں اور طیاروں کی مینٹیننس کے حوالے سے غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور جاپان کے دفاعی تعلقات کے تناظر میں امریکی بحری جہازوں اور طیاروں کی جاپان کے اندر مینٹیننس، ریپئرنگ اور اوورہال نہایت اہم ہے۔ ان خیالات کا اظہار جاپانی وزیر دفاع نے واشنگٹن کے تھنک ٹینک ہڈسن انسٹیٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے آپریشنز صرف آغاز ہیں، جاپانی وزارت دفاع نے جون میں کہا تھا کہ جاپانی انجینئرنگ کمپنی امریکہ کے ایف 35 لڑاکا طیاروں کے انجن کی ریپئرنگ کرے گی لیکن اس کیلئے بھی کئی چیلنجز ہیں۔ جاپان میں تعینات امریکہ کے سفیر راہم ایمانوئل نے جاپان کے نجی شپ یارڈز میں امریکی بحری جہازوں کی مینٹیننس کے حوالے سے پیشکش کی تھی کیونکہ امریکہ میں یہ کام سست روی کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ چین امریکہ سے دنیا کی سب سے بڑی بحریہ کا اعزاز چھین چکا ہے، چین کے بحری جہازوں کی تعداد امریکہ سے زیادہ ہے۔ ایشیا میں تعینات امریکی بحری جہازوں کی ریپئرنگ کیلئے انہیں امریکہ واپس بھیجنا پڑتا ہے لیکن اس وقت کئی جہازوں کی ایک ساتھ مینٹیننس کی وجہ سے یہ عمل سست روی کا شکار ہے۔