عرب نیوز کو پاکستانی سابق کرکٹر کا انٹرویو
اسلام آباد۔ پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ جب تک نریندر مودی ہندوستان کے وزیر اعظم ہیں اس وقت تک پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ تعلقات بحال نہیں ہو سکتے۔نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے ہند۔پاک تعلقات مسلسل بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں اور گزشتہ سال دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات اس حد تک کشیدہ ہو گئے تھے کہ سرحدوں پر فوجیں تعینات کر دی گئی تھیں۔ گزشتہ سال ہندوستان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد دونوں ملکوں کے تعلقات بدترین شکل اختیار کر گئے تھے۔ ہند۔پاک کے درمیان 2008 کے ممبئی حملوں کے بعد سے اب تک کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی، 13-2012 میں دونوں ملکوں کے درمیان مختصر سیریز کھیلی گئی لیکن نریندر مودی کے برسر اقتدار آنے کے بعد سے صورتحال مسلسل کشیدہ ہے۔ عرب خبر رساں ادارے ’عرب نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ حکومت پاکستان مسلسل تیار ہے لیکن ہندوستان کی موجودہ حکومت کو دیکھتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ تعلقات کی بحالی کا کوئی امکان نہیں، جب تک مودی برسر اقتدار ہیں، اس وقت تک مجھے ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آتا۔ آفریدی نے تسلیم کیا کہ کھیلوں کو دو ملکوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے خصوصاً ایک ایسی جگہ جہاں پاکستان اور ہندوستان دونوں کے لیے کرکٹ مذہب کا درجہ رکھتی ہے۔