عاشق جوڑے کی مدد کرنے پر خاتون کی پٹائی
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) عاشق جوڑے کی مدد کرنے کے الزام میں ایک خاتون کی برہنہ پٹائی کی گئی ۔ یہ انسانیت سوز واقعہ ریاست آندھراپردیش کے ستہ سائی ضلع اننت پور میں پیش آیا ۔ اس غیر انسانی حرکت کی سماجی حلقوں کی جانب سے شدید مذمت کی جارہی ہے اور ایسے واقعات کے تدارک کیلئے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہونچانے کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون کا مقامی عوام نے سرمنڈ دیا اور برہنہ انداز میں اس خاتون کی پٹائی کی گئی ۔ خاتون پر الزام لگایا گیا ہے کہ اس نے ایک عاشق جوڑے کی مدد کی ۔ پولیس نے اس واقعہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور خاتون کو علاج کیلئے ہاسپٹل میں شریک کردیاگیا۔ ع
شرابی بیٹے کے ہاتھوں باپ کا قتل
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) شاہ میر پیٹ کے علاقہ میں شرابی بیٹے نے باپ کا قتل کردیا ۔ پدما کالونی میں پیش آئے اس واردات میں ملوث بیٹے کو شاہ میرپیٹ پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ ہنمنتو اس کے بیٹے نرسمہا کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ شراب کے نشہ میں دھت بیٹے نے مسل سے باپ کے سر پر وار کردیا اور وہ اس حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ نرسمہا شراب کے نشہ کا عادی ہے اور نشہ کرنے کے بعد جھگڑا کرتا تھا ۔ اس کی اس حرکت سے بیوی نے علحدگی اختیار کرلی تھی اور اس نے دوسری شادی کرلی تھی ۔ دوسری شادی کے بعد بھی اس کی عادتوں میں کوئی تبدیلی نہیںآئی اور کام کاج کئے بغیر ہر وقت نشہ کرنا اس کی عادت بن گئی تھی ۔ شراب پینے کیلئے وہ پیسہ مانگا کرتا تھا اور پیسوں کیلئے گھر میں جھگڑا کرتا تھا ۔ اس کی والدہ سے اس نے شراب پینے کیلئے پیسے مانگے اور والدہ کے انکار پر اس کے ساتھ مارپیٹ کر رہا تھا کہ اس دوران ہنمنتو اپنی بیوی کے بچاؤ کیلئے گیا اور بیٹے کو روکنے لگا برہم بیٹے نے گھر میں رکھے مسل سے باپ پر حملہ کرتے ہوئے ہلاک کردیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
الوال میں ایک شخص کو زندہ جلا دیا گیا
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) الوال کے علاقہ میں ایک شخص کو زندہ جلا دیاگیا جو شدید زخمی حالت میں زیر علاج ہے ۔ تاہم اس شخص پر حملہ اس کے بیٹے کی وجہ سے کیا گیا جو ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا ۔ بیٹے کی سزا باپ کو دی گئی ۔ اس واقعہ سے الوال کے علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ 60 سالہ پرکاش کی چیخ و پکار پر چوکس پڑوسیوں نے آگ بجھائی اور پرکاش کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں وہ زیر علاج ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ پرکاش پیشہ سے مزدوری کرتا تھا ۔ پرکاش کابیٹا پردیب اصل نشانہ تھا ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پولیس نے خاطیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور اس حملہ کی اصل وجہ عاشقی بتائی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پردیپ ایک لڑکی سے محبت کرتا تھا اور یہ بات لڑکی کے گھر والوں کو پسند نہیں تھی اور اس کی حرکت انہیں برداشت نہیں ہوئی ۔ آج دو افراد بشمول ایک خاتون پردیپ کے تعاقب میں اس کے مکان پہونچے لیکن وہ مکان میں موجود نہیں تھا ۔ بلکہ پردیپ کے والد پرکاش مکان میں تھے ۔ ان دونوں اس سے جھگڑا کیا اور جسم پر پٹرول ڈال کر آگ لگادی ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اورمصروف تحقیقات ہے ۔ ع
سافٹ ویر ملازمہ کی خودکشی
حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) زندگی سے بے زار ایک سافٹ ویر ملازمہ نے خودکشی کرلی ۔ میرپیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 22 سالہ ایم نکیتا نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی ۔ نکیتا پیشہ سے سافٹ ویر ملازمہ تھی ۔ جو جنیاکٹ میں کام کرتی تھی ۔ نکیتا وائی ایس آر کالونی علاقہ کے ساکن دیوداس کی بیٹی تھی ۔ لڑکی زندگی سے بے زار تھی اور اس نے ایک خودکشی نوٹ میں اپنے انتہائی اقدام کی وجوہات کو لکھا ۔ اس خط کو پولیس میرپیٹ نے حاصل کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع
آصف آباد میں مرغوں کی لڑائی،12افرادگرفتار
حیدرآباد15جنوری(یواین آئی)تلنگانہ کے آصف آباد ضلع میں سنکرانتی تہوار کے پیش نظر شرطیں لگاتے ہوئے مرغوں کی لڑائی کا اہتمام کرنے والوں کے خلاف پولیس نے کریک ڈاؤن کیا ہے ۔ سٹہ بازی کرنے والوں کو حراست میں لیا گیا۔ پولیس نے ضلع کے راناولی گاؤں کے قریب چھاپہ مار کر تین افرادکو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے جنگاما گاؤں کے قریب مزید 9 افراد کو حراست میں لے لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع کے ایس پی ڈی وی سرینواس راؤ نے کہا کہ مرغوں کی لڑائی قانون کے تحت جرم ہے اور اگر کہیں بھی ایسی سرگرمیاں جاری رہیں تو انہیں مطلع کیا جائے ۔