شمس آباد کے مدھورا نگر میں پولیس کی تلاشی مہم
چھ افراد گرفتار، گٹکھا اور شراب ضبط
شمس آباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) شمس آباد آر جی آئی اے پولیس نے مدھورا نگر کے علاقہ میں اچانک تلاش مہم کی جس میں لاجس ، پان شاپس اور بیلٹ شاپس کا معائنہ کیا ۔ آر جی آئی اے انسپکٹر بالراج نے بتایا کہ شمس آباد اے سی پی کے سرینواس راؤ کی ہدایت پر چار ٹیمیں تشکیل دیتے ہوئے تلاشی لی گئی ۔ انہوںنے بتایا کہ چار لاجس کو مہر بند کردیا گیا جو بغیر لائیسنس، بغیر سی سی ٹی وی ، بغیر جی ایس ٹی اور بغیر فائر سیفٹی کے چلا رہے تھے ۔ اس کے علاقہ میں گٹکھا فروخت کرنے والے چھ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے تیس لاکھ روپئے مالیتی گٹکھا ضبط کرلیا ۔ بیلٹ شاپس پر دھاوا کرتے ہوئے دو مقدمات درج کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا اور ان کے قبضہ سے 20 لیٹر شراب ضبط کرلی گئی ہے ۔ آر جی آئی اے انسپکٹر بالراج نے کہا کہ شمس آباد میں جرائم کی روک تھام کیلئے پولیس مسلسل کوشش کر رہی ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے دکانات اور مکانات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے تاکہ مشتبہ افراد کی حرکت پر نظر رکھی جاسکے ۔ ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ سڑکوں پر ٹہری ہوئی گاڑیوں کی تلاشی لی گئی ہے ۔ ش
مہدی پٹنم میں سڑک حادثہ، نوجوان لڑکا ہلاک
حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) مہدی پٹنم کے علاقہ میں کل رات دیر گئے پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک لڑکا فوت ہوگیا ۔ گڈی ملکاپور پولیس کے مطابق 18 سالہ عامر علی خان جو چنچل گوڑہ علاقہ کے ساکن نصیر علی خان کا بیٹا تھا کل رات کار میں اپنے ساتھیوں سرائیل، سید یسین ، فیضان اور شیخ عرفان کے ہمراہ مہدی پٹنم سے ریتی باؤلی کی جانب جارہا تھا کہ کار حادثہ کا شکار ہوگئی اور اس حادثہ میں عامر علی کے علاوہ اس کے دیگر ساتھی شدید زخمی ہوگئے جنہیں ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران فوت ہوگیا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ ع
ہمایوں نگر میں عادی سارق گرفتار
حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) ہمایوں نگر پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا۔ اور اس کے قبضہ سے مسروقہ موٹر سائیکل کو ضبط کرلیا ۔ ہمایوں نگر پولیس کے مطابق 22 سالہ ڈی مہیش ساکن بوڈاپل کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ مہیش نے 17 جنوری کو وجئے نگر کالونی سے ایک کے ٹی ایم موٹر سائیکل کا سرقہ کیا تھا ۔ شکایت کے بعد پولیس نے کیمروں کی جانچ کی اور سارق کو تلاش کر رہی تھی ۔ پولیس ہمایوں نگر نے بتایا کہ مہیش کو ایک کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا گیا ۔ جو سابق میں 20 مقدمات میں ملوث ہے ۔ پولیس ہمایوں نگر مہیش کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع
جرائم سے پاک سماج کی تشکیل تلنگانہ پولیس کا اصل مقصد
ڈائرکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر جتیندر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) جرائم سے پاک سماج کی تشکیل ہی تلنگانہ پولیس کا اصل مقصد ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائرکٹر جنرل آف پولیس تلنگانہ مسٹر ڈاکٹر جتیندر نے کہا ۔ ڈی جی پی رچہ کنڈہ کے دورے پر آئے ہوئے تھے ۔ انہوں نے نریڈمیٹ میں واقع کمشنریٹ میں رچہ کنڈہ پولیس کا جائزہ اجلاس طلب کیا اور کہا کہ حکمت عملی اور سچی لگن سے جاری خدمات کے سبب تلنگانہ پولیس ملک کی سرفہرست 10 ریاستوں میں پہلا مقام رکھتی ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ باہمی تال میل کے ذریعہ خدمات کو مثالی بنایا جاسکتا ہے ۔ ڈی جی پی تلنگانہ نے اس موقع پر تمام زونس کے ڈی سی پیز اور ڈیویژن کے اے سی پی سے بات چیت کی ۔ ٹریفک کرائم ، ویمن سیفٹی ایڈمن سسٹم ایس او ٹی ریزرو پولیس کے ذریعہ جرائم پر قابو پانے کے اقدامات اور مقدمات کے حل اور تحقیقاتی طریقہ کار سے واقفیت حاصل کی ۔ ڈی جی پی نے اعلی پولیس عہدیدار کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حدود کے ہر پولیس اسٹیشن کا دورہ کریں اور جرائم پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے ۔ انہوں نے امن و ضبط کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور امن کے ذریعہ خوشگوار ماحول فراہم کرنے پر توجہ کی ضرورت پر زور دیا اور اپنے علاقوں میں پولیس کی گشت میں اضافہ کرنے کی ہدایت دی ۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار ریاست کے پرامن ماحول پر منحصر ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں رونما ہورہے واقعات اور حالات پر پولیس کو گہری نظر رکھنی چاہئے اور امن کو بگاڑنے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے عوام کی شکایتوں کو فوری توجہ دینے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر کمشنر رچہ کنڈہ سدھیر بابو اور دیگر موجود تھے ۔ ع