موٹر سائیکل پر گانجہ منتقل کرنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد : 5مارچ ( سیاست نیوز) حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ اور تکارام گیٹ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا جو موٹرسائیکل پر گانجہ منتقل کررہا تھا ۔ حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ معتبر ذرائع کی اطلاع پر کارروائی کی اور اڈیشہ کے ساکن بی بھوشن عرف راجو کو گرفتار کرلیا ۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے 10:35 کیلو گانجہ ، ایک موبائیل، ایک ویٹنگ مشین 1,210 روپئے نقد کل 4,48,210 روپئے مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ بھوشن کا تعلق اڈیشہ سے پایا جاتا ہے جو سال 2007ء میں حیدرآباد ملازمت کی تلاش میں آیا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ حیدرآباد فوڈ ڈیلیوری بوائے کے علاوہ اس نے جے سی بی ڈرائیور کی حیثیت سے کام کیا ۔کنسٹرکشن سائٹ پر کام کے دوران اس نے کافی مزدوروں کو گانجہ استعمال کرتے ہوئے دیکھا اور اس بات کافائدہ اٹھاکر اس نے آسان انداز میں پیسے کمانے کا منصوبہ بنایا ۔ اس نے اڈیشہ کے اپنے ہم وطن راہول سے جو مفرور بتایا گیا گانجہ 5 ہزار روپئے فی کیلو خریدا کرتا تھا اور اس گانجہ کو چھوٹے پیاکٹس میں بھر کر فروخت کیا کرتا تھا ۔ حیدرآباد نارکوٹک انفورسمنٹ ونگ نے ایک اطلاع پر تکارام گیٹ پولیس کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا ۔ ع
گانجہ منتقل کرنے والے 8 افراد گرفتار
حیدرآباد : 5مارچ ( سیاست نیوز) ویسٹ زون ٹاسک فورس پولیس نے گانجہ فروخت کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے کمشنر ٹاسک فورس ویسٹ زون ٹیم نے سرینگر کالونی میں دھاوا کیا جہاں گنپتی کامپلکس میں یہ سرگرمیاں جاری تھیں ۔ پولیس نے اس کارروائی میں 2کیلوگانجہ ضبط کرلیا اور 26سالہ اے شیواجی ساکن یوسف گوڑہ ، 22سالہ کے ہیما سندرا نگاراجو عرف راجہ ساکن سریکاکلم ، 20سالہ جی سرینواس ریڈی ساکن نودیا کالونی حیدرآباد ، 20سالہ ہیما ومشی ساکن نودایا کالونی ، 27سالہ سریکانت ساکن بنجارہ ہلز ، 21سالہ جہانگیر ساکن فلم نگر ، 23سالہ اودے وینکٹ ساکن یوسف گوڑہ اور 25سالہ دھارا کیش ساکن یوسف گوڑہ کو گرفتار کرلیا ۔ سرینگر کالونی کے ایک کامپلکس میںگرفتار افراد گانجہ فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ شیواجی اور دیگر ساتھی کئی سال سے اس گانجہ کے کاروبار میں ملوث ہے ۔ امجد نامی شخص جو مہاراشٹرا سے تعلق رکھتا ہے اس سے گانجہ کو خرید کر یہاں فروخت کیا جاتا ہے ۔ گانجہ کو چھوٹے چھوٹے پیاکٹس میں بھر کر اس کو فروخت کیا کرتے تھے ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پرانہیں گرفتار کرلیا ۔ ع
ٹریفک قواعد کی خلاف ورزی پر کارروائی کا آغاز
حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد ٹریفک پولیس نے قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ ڈی سی پی ٹریفک رویندر ریڈی نے ملک پیٹ علاقہ میں خصوصی مہم میں حصہ لیا ۔ خصوصی مہم کے دوران رانگ سائیڈ ڈرائیونگ ، نمبر پلیٹس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے اور غیر تصدیق شدہ ہارن کا استعمال کرنے پر چالانات کیے ۔ ڈی سی پی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی خاص کر رانگ سائیڈ ڈرائیونگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جس سے خود بائیک سوار کے علاوہ دیگر کیلئے بھی وہ خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں ۔ انہوں نے عوام کو انتباہ دیا کہ وہ گاڑی چلاتے وقت تمام قوانین پر عمل کیا جائے ورنہ ان کے خلاف قانون کے تحت کارروائی بھی کی جائیگی ۔۔ ش
چادر گھاٹ قتل کیس کے تین افراد بشمول شوہر اور ساتھی گرفتار
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) چادر گھاٹ پولیس نے سریشا قتل کیس کو حل کرتے ہوئے تین افراد بشمول سریشا کے شوہر ونئے کمار اور سریشا کی ساتھی سریتا کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 35 سالہ سریتا، 34 سالہ ونئے کمار اور 22 سالہ نہال کمار عرف بٹو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے تین سیل فون اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ سریتا اور سریشا دونوں آپس میں ساتھی تھیں اور ایک ہی مقام پر کام کرتی تھیں دونوں میں بحث و تکرار کے بعد جھگڑا ہوگیا تھا۔ سریشا نے ملازمت چھوڑ دی تھی اور اس بات سے دونوں میں تنازعہ چل رہا تھا۔ بعد میں دونوں میں دوستی ہوگئی تھی۔ سال 2016 میں سریتا نے سریشا کی ونئے سے شادی کرائی تھی۔ گذشتہ روز سریشا کی صحت بگڑ تھی تھی اور اس نے سریتا کو انجکشن دینے کی خواہش ظاہر کی تھی اس بات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سریتا نے سریشا کو زائد مقدار والا انجکشن دے دیا جس سے وہ گہری نیند میں چلے گئی جس کے بعد سریتا نے سانس لینے میں دشواری پیدا کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا اور یہ بات ونئے کمار اور نہال سے بیان کی جس کے بعد تینوں نے ایمبولنس کو طلب کرتے ہوئے سریشا کو ہاسپٹل منتقل کیا اور دل کے درد سے موت ہونے کی کہانی تیار کی گئی لیکن اس دوران ان کا بھانڈا پھوٹ گیا اور پولیس نے تینوں کو گرفتار کرلیا۔ع
کالا پتھر میں الیکٹرانک سگریٹ فروخت کرنے والا شخص گرفتار
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں الیکٹرانکس سگریٹس فروخت کرنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ کمشنر ٹاسک فورس ساؤتھ ایسٹ زون پولیس نے کالا پتھر پولیس کے ساتھ کی گئی مشترکہ کارروائی میں 20 سالہ محمد وقار الدین عرف محمد ساکن کالاپتھر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مختلف برانڈس کے ممنوعہ الیکٹرانکس سگریٹس کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 2 لاکھ32 ہزار روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے وقار کے قبضہ سے ایک آئی فون اور موٹر سائیکل کو بھی ضبط کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ وقار اور اس کے ساتھی لاکیش گوئل عرف اسکائی لیب ساکن حسینی علم کے ساتھ ملکر دہلی کے ساکن راہول سے ای سگریٹس کو خریدا کرتے تھے اور ای کارٹ کورئیر سرویس کی مدد سے حاصل کرنے کے بعد مہنگے داموں میں فروخت کررہے تھے۔ع
شوہر کے شک و شبہ سے تنگ بیوی کی خود کشی
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) شوہر کے شک و شبہ سے تنگ آکر ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ ملکاجگیری پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 36 سالہ اوشا رانی نے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ اوشا رانی اور شری رام بابو نے انٹرکاسٹ میریج کی تھی۔ ان کی شادی مئی 2022 میں ہوئی تھی اور سال 2023 میں رام بابو امریکہ روانہ ہوا، اس نے کچھ عرصہ بعد بیوی کو بھی امریکہ طلب کرلیا اور سال 2024 میں بیوی کو انڈیا روانہ کردیا۔ اوشا رانی امریکہ سے واپس آگئی تاہم اس کے بعد خاتون کو ہراسانی کا سامنا تھا کیونکہ شوہر اس پر شک کرتا تھا اور اذیت پہنچاتا تھا۔ بیوی کی ہر مصروفیت اور بازار جانے، رشتہ داروں کے پاس جانے پر وہاں کی تصاویر روانہ کرنے کی شرائط سے ہراساں کررہا تھا۔ اس بات سے تنگ آکر اوشا رانی نے خودکشی کرلی۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
خاتون کو لڑکیاں پیدا ہونے پر ہراسانی سے
دل برداشتہ ہو کر خود کشی
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) ایک خاتون نے تین لڑکیوں کی پیدائش پر ہراسانی سے تنگ آکر خودکشی کرلی۔ جیڈی میٹلہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ 26 سالہ جیہ داس جو وشال گورو کی بیوی تھی ،جیہ کی شادی سال 2021 میں وشال سے ہوئی تھی۔ دونوں کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے۔ جیہ مدھو بنی اور وشال دربھنگہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ شادی کے وقت وشال کے ہر مطالبہ کو جیہ کے والدین نے پورا کیا ۔ جیہ کو ایک کے بعد دیگر تین لڑکیاں پیدا ہوئیں اور لڑکیوں کی پیدائش کے بعد ہراسانی میں اضافہ ہوگیا۔ جیہ کی ساس اور دو نندوں کی جانب سے اسے شدید ہراسانی کا سامنا تھا جس سے تنگ آکر اس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔ع
دوحہ سے بنگلہ دیش جانے والی فلائٹ میں خاتون کو دل کا دورہ ، شمس آباد پر ایمرجنسی لینڈنگ
حیدرآباد : 5 مارچ ( سیاست نیوز) دوحہ سے بنگلہ دیش جانے والے ہوائی جہاز میں ایک بنگلہ دیشی خاتون کو دل کا دورہ پڑنے سے فلائٹ کو شمس آباد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی ۔ تفصیلات کے مطابق دوحہ سے بنگلہ دیش جانے والی قطر ایئر لائنس فلائٹ نمبر QR 642 کی ایک بنگلہ دیشی خاتون ایم بیگم روشو نارا 44سالہ کو اچانک دل کا دورہ پڑا جس پر فلائٹ کو شمس آباد ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کروائی گئی اور اسے فوراً ایئرپورٹ کے اپولو دواخانہ منتقل کیا گیا ۔ جہاں بنگلہ دیشی خاتون دوران علاج فوت ہوگئی ۔ شمس آباد آرمی آؤٹ پوسٹ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ منتقل کردیا ۔ ش
بنڈلہ گوڑہ قتل کیس کی وجوہات کا پتہ لگانے میں پولیس پر پہلوتہی کا الزام
ملزمین کی خود سپردگی پر متضاد اطلاعات ، پولیس کی جانب سے تردید
حیدرآباد۔/5 مارچ، ( سیاست نیوز) بنڈلہ گوڑہ میں پیش آئے وٹرنری ڈاکٹر محمد مسیح کے قتل کی وجوہات کا تاحال پتہ لگانے میں پولیس بنڈلہ گوڑہ ناکامی کے الزامات کا سامنا کررہی ہے۔ قاتلوں کی خود سپردگی سے متعلق پولیس کے بیان میں تضاد اور ٹکراؤ سے پولیس کی کارکردگی پر شبہات پیدا ہوگئے ہیں۔ بنڈلہ گوڑہ کے حدود کرسٹل ٹاؤن میں کل ایک شخص کا قتل کردیا گیا اس کے تعلق سے اے سی پی چندرائن گٹہ منوج کا کہنا ہے کہ قاتلوں نے خود سپردگی اختیار کرلی جبکہ انسپکٹر کا کہنا ہے کہ کسی نے کوئی خود سپردگی اختیار نہیں کی بلکہ پولیس قاتلوں کو تلاش کررہی ہے۔ اس ضمن میں اے سی پی نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں میاں بیوی کے درمیان جھگڑے قتل کی وجہ ہوسکتے ہیں چونکہ مقتول کی تیسری بیوی شبانہ اور اس کا بیٹا سمیر پولیس کی تحویل میں ہیں جبکہ ایک اور قاتل کو تلاش کیا جارہا ہے جس کی گرفتاری کے بعد اصل وجہ سامنے آئے گی۔ اس کے برخلاف اے سی پی کے ماتحت عہدیدار انسپکٹر بنڈلہ گوڑہ کے ستیہ نارائنا کا کہنا ہے کہ تاحال کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی نے خود سپردگی اختیار کی ہے۔ قتل جیسی سنگین واردات کے بعد پولیس کے بیان میں تضاد کسی راز کی پردہ پوشی یا پولیس کو بچانے کی کوشش تو نہیں۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ پولیس پر عائد الزامات اور پولیس کارروائی پر شبہات کا ازالہ کریں اور قاتلوں کو گرفتار کریں۔ع