جرائم و حادثات

   

سائبر کرائم نیٹ ورک کو توڑنے پولیس کا آپریشن کریک ڈاؤن
16 اضلاع کے 137 بینک برانچس میں مشتبہ میول اکاونٹس کی جانچ کا آغاز
حیدرآباد : 25 فبروری (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس نے منگل 25 فروری کو ’’آپریشن کریک ڈاؤن‘‘ کا آغاز کیا جو ریاست بھر میں سائبر کرائم نیٹ ورک کو توڑنے کی ایک خاص مہم ہے۔ تلنگانہ سائبر سیکیورٹی بیورو (TGCSB) کی تصور کردہ اس مہم میں آنے والے چند ماہ کے دوران اضلاع کی پولیس اور کمشنر آفسیس کے ساتھ مل کر کرائم نیٹ ورکس اور سائبر کرائم کے ماحول کو ختم کرنے کے لیے سلسلہ وار کارروائیاں کی جائیں گی۔ اس سلسلے کی پہلی کارروائی آج 16 اضلاع اور یونٹس میں شروع کی گئی۔ جس کا خاص ہدف تلنگانہ بھر کے میول اکاؤنٹس تھے۔ TGCSB کے ڈیٹا تجزیے سے پتہ چلا ہے کہ 2025ء میں ریاست بھر میں 4775 میول اکاؤنٹس کارکرد تھے۔ آج کی کارروائی میں 16 اضلاع کے 137 بینک برانچز میں 1888 مشتبہ میول اکاؤنٹس کی جانچ کی جا رہی ہے، جو ملک بھر میں 9431 کرائم لنکس سے جڑے ہوئے ہیں، جن میں تلنگانہ میں 782 شامل ہیں۔ اس کوآرڈینیٹڈ مہم میں 137 پولیس ٹیمیں شامل ہیں، جن میں 512 افسران اور اہلکار ہیں۔ ان ٹیموں نے 137 بینک برانچز کا دورہ کیا اور مشتبہ اکاؤنٹ ہولڈرز کی KYC تفصیلات اکٹھی کیں۔ ابتدائی جانچ سے پتہ چلا ہے کہ کئی برانچز میں سینکڑوں میول اکاؤنٹس موجود ہیں، جس سے بینک عملے کی ملی بھگت اور ایجنٹس کے منظم نیٹ ورک کا شبہ ہوا ہے۔ مثال کے طور پر حیدرآباد کے سلطان بازار سے ایک اکاؤنٹ 496 کرائم شکایات سے جڑا پایا گیا جبکہ سوریاپیٹ ضلع کی چار بینک برانچز میں 298 اکاؤنٹس ملے جو مختلف علاقوں سے جڑے ہیں۔ ضرورت کے مطابق وہاں مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔ پولیس نے نوٹ کیا کہ چھوٹی بینک جو RTGS کی تکنیکی صلاحیت نہیں رکھتیں، وہ قومی بینکوں کے RTGS استعمال کر رہی ہیں اور اکاؤنٹ کھلوانے میں مناسب توثیق نہ ہونے سے سائبر مجرم استفادہ کر رہے ہیں۔ ’’ آپریشن کریک ڈاؤن‘‘ مالی ٹریلز کی تجزیاتی جانچ، اکاؤنٹ ہولڈرز کی پروفائلنگ اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کے ساتھ جاری رہے گا۔ تلنگانہ پولیس نے سائبر اکاؤنٹ نیٹ ورکس کو توڑنے اور بین الاضلاعی سائبر مالی دھوکہ دہی روکنے کا پختہ عزم دوہرایا ہے۔ ڈی جی پی نے TGCSB اور اس کی ڈائریکٹر شیکھا گوئل کی تعریف کی، جو آنے والے مہینوں میں سائبر کرائم نیٹ ورک توڑنے کی فلیگ شپ مہم ہوگی۔ب

جــرائــم و حـادثـات

ملاوٹی چائے پتی کے خلاف کارروائی
ایک شخص گرفتار ، صنعت نگر میں ٹاسک فورس پولیس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلگو ریاستوں میں ملاوٹی مافیا سرگرم ہوگیا ہے ۔ چند دن قبل راجمندری میں ملاوٹی دودھ کے پینے سے کئی افراد بیمار ہوگئے تھے ۔ اب حیدرآباد کے مضافاتی علاقے صنعت نگر میں ملاوٹی چائے کی پتی کا معاملہ سامنے آیا جس سے عوام میں خوف پیدا ہوگیا ہے ۔ اب چائے کی پتی کا معاملہ سامنے آنے کے بعد عوام میں خوف مزید بڑھ گیا ہے ۔ فوڈ سیفٹی محکمہ کے چوکس رہنے کے باوجود ملاوٹی اشیاء کے معاملے ہر چند دنوں میں سامنے آرہے ہیں ۔ جس سے عوام میں اپنی صحت کے مسئلہ پر تشویش پائی جارہی ہے۔ شہر میں ٹاسک فورس پولیس صنعت نگر کے علاقے میں چائے کی پتی تیار کرنے والے مرکز میں دھاوا کیا جہاں چائے کی پتی میں ملاوٹ کی جارہی تھی ۔ پولیس نے جناردھن بشنوئی نامی شخص کو حراست میں لے لیا ۔ جو پتی کی تیاری میں مصروف تھا ۔ پولیس نے دیکھا کہ ملاوٹی چائے کی پتی بنانے کا طریقہ حیران کن ہے ۔ ناریل کی بوھس پاوڈر کو بنیادی جزو کے طور پر استعمال کیا جارہا تھا اور ساتھ ہی ممنوعہ مصنوعی رنگوں کو شامل کیا جاتا ہے ۔ پولیس نے دھاوے کے دوران 120 کلو ملاوٹی چائے کی پتی اور 138 کلو کوکوپٹ کو ضبط کرلیا ۔ اس ملاوٹی پتی کو جناردھن چھوٹے ڈیلروں اور دکانداروں کو فروخت کررہا تھا ۔۔ ش

ساس کے قتل میں ملوث خسر کے خلاف کارروائی کرنے بہو کی پولیس میں شکایت
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ساس کے قتل میں ملوث خسر کے خلاف کارروائی کرنے بہو نے پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔ منچال پولیس اسٹیشن حدود میں یہ واردات پیش آئی جہاں بابو نامی شخص نے اس کی 50 سالہ بیوی ایم امروتا پر حملہ کرتے ہوئے اسے ہلاک کردیا ۔ بابو بیوی بچوں کے ہمراہ نوملا ولیج میں رہتا تھا ۔ بابو کی بڑی بہو نے پولیس میں ساس کے قتل پر خسر کے خلاف شکایت درج کرائی ہے ۔ بابو اور امروتا میں اکثر جھگڑے ہوا کرتے تھے گذشتہ روز بھی دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا اور اس جھگڑے کے بعد بابو گھر سے چلا گیا ۔ جب گھر پر بہو اور بیوی تھے بابو گھر پہونچا اور اس نے حالت نیند میں موجود بیوی امروتا پر کلہاڑی سے حملہ کرتے ہوئے اس کا قتل کردیا اور فرار اختیار کرلی ۔ جب شکایت گذار خاتون انوشا نے ایک خوف ناک آواز سنی تو وہ خوف زدہ ہوگئی اور خوف و دہشت کے ماحول میں اس نے شوہر کو فون کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ جس کمرے میں امروتا سو رہی تھی اس کمرے میں واردات انجام دینے کے بعد مکان سے جاتے وقت قاتل نے دروازہ باہر سے بند کرلیا تھا ۔ تھوڑی ہی دیر میں عوام کی کثیر تعداد بابو کے مکان پر جمع ہوگئی ۔ انوشا نے ساس امروتا کے قتل میں خسر بابو پر شبہ ظاہر کرتے ہوئے شکایت درج کروائی ۔۔ ع

فالکان گروپ کے سابق سی او او وکاس کمار شاکھرے گرفتار
حیدرآباد۔ 25 فروری (سیاست نیوز) کرائم انوسٹیگیشن ڈپارٹمنٹ (سی آئی ڈی) نے کروڑہا روپے دھوکہ دیہی کے معاملہ میں ملوث فالکان گروپ کے سابق سی او او وکاس کمار شاکھرے کو گرفتار کرلیا۔ حیدر شاہ کوٹ میں واقع وکاس کمار شاکھرے کے مکان پر دھاوا کرتے ہوئے پولیس نے اسے گرفتار کرلیا جو اس معاملہ میں ملزم نمبر 27 بتایا جاتا ہے۔ وکاس کمار ان افراد کے ساتھ شامل تھا جنہوں نے دو کمپنیوں کے نام پر فالکان۔ کیاپٹل پروٹکشن فورس ایم ایس کے نام پر سرمایہ حاصل کیا تھا۔ سی آئی ڈی ذرائع کے مطابق معروف ایم این سی کمپنیوں سے معاہدے اور بڑے تجارتی منصوبہ کے فرضی معاہدے بناکر (4,215) کروڑ (7,056) ڈپازیٹرس سے حاصل کئے گئے جبکہ دوسری کمپنی میں (792) کروڑ روپے (4,065) سرمایہ کاروں سے حاصل کئے گئے۔ پولیس کے مطابق ان کمپنیوں اور ڈائرکٹرس کے خلاف ملک بھر میں 10 مقدمات درج ہیں۔ ع

عاشق کی دھوکہ دہی کا شکار یوٹیوبر کوملی کی خود کشی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : عاشق کی مبینہ دھوکہ دہی کا شکار ایک نوجوان لڑکی نے خود کشی کرلی ۔ جو یوٹیوبر کوملی کے نام سے کافی شہرت رکھتی تھی ۔ رائے درگم پولیس حدود میں یہ واقع پیش آیا ۔ جہاں 21 سالہ کوملی نے پھانسی لے کر خود کشی کرلی ۔ ذرائع کے مطابق کوملی یہاں چترا پوری کالونی میں اپنے رشتہ داروں کے یہاں رہتی تھی ۔ کوملی کا تعلق وائزاک ریاست آندھرا پردیش سے ہے ۔ کوملی بی ایس سی میں زیر تعلیم تھی اور یوٹیوب پر ویڈیوز اپ لوڈ کرتی تھی ۔ اس لڑکی کا وائزاک سے تعلق رکھنے والے یوٹیوبر اکھیل ریڈی سے معشوقہ تھا ۔ دونوں گذشتہ تین سال سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے ۔ گذشتہ چند عرصہ سے ان کے درمیان نہ اتفاقی کے سبب مسائل پیدا ہوگئے تھے ۔ اور 6 ماہ قبل کوملی نے خود کشی کا اقدام کیا تھا ۔ دونوں خاندانوں کے افراد نے ان کے درمیان بات چیت کروائی تھی ۔ اکھیل ریڈی نے کوملی سے شادی کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ اس بات سے لڑکی پریشان ہوگئی اور شدید دل برداشتہ ہو کر اس نے خود کشی کرلی ۔ کوملی کی والدہ ورا لکشمی نے اکھیل ریڈی کو اس کی بیٹی کی موت کا ذمہ دار ٹھہرایا اور اکھیل ریڈی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ۔۔ ع

ضعیف خاتون کے مکان میں سرقہ کرنے والا سارق گرفتار
حیدرآباد ۔ 25 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے مکان میں سرقہ کرنے والے ایک شاطر سارق کو گرفتار کرلیا ۔ جس نے ضعیف خاتون کے نقل و حرکت پر نظر رکھی اور چابی چھپانے کے مقام کو دیکھ لیا اور واردات انجام دی ۔ پولیس جگت گیری گٹہ نے ایلماںبنڈہ علاقہ کے مکان میں پیش آئی واردات کو حل کرتے ہوئے 36 سالہ پی شنکر کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے تقریبا 14 تولہ طلائی زیورات کو ضبط کرلیا ۔ 23 فروری کو واردات پیش آئی تھی ۔ خاتون نے گھر کو قفل ڈالنے کے بعد چابی کو بیارل کے نیچے رکھ دیا اور خاتون کو شنکر نے دیکھ لیا ۔ خاتون کے مکان سے باہر جاتے ہی اس نے چابی کے ذریعہ مکان میں داخل ہوا اور طلائی زیورات لے کر فرار ہوگیا ۔ پولیس نے تحقیقات کے دوران شنکر کو گرفتار کرلیا ۔۔ع