جرمنی : کرسمس مارکٹ حملے میںسات ہندوستانی بھی زخمی

   

نئی دہلی : جرمنی کی ایک کرسمس مارکٹ میں ہوئے حملے میں سات ہندوستانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ تین کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دیدی گئی ہے ۔ ہندوستانی سفارتخانہ تمام زخمی ہندوستانیوں سے رابطے میں ہے ۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ہندوستان کرسمس مارکٹ میں اس طرح کے خوفناک اور بے مقصد حملے کی شدید مذمت کرتا ہے ۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ اس حملے میں کئی جانیں بھی تلف ہوئی ہیں اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ہم مہلوکین کے لواحقین کے غم میں شریک ہیں ۔ ہندوستانی سفارتخانہ ان ہندوستانیوں سے رابطے میں ہے جو زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے خاندانوں سے بھی رابطے کئے جا رہے ہیں اور ہر ممکن امداد پہونچائی جا رہی ہے ۔ جرمنی کے چانسلر اولاف شولز نے بھی اس حملے کی مذمت کی ہے جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔اس حملے پر ملک بھر میں غم و غصہ پایا جاتا ہے ۔