جرمن پولیس کا یونیفارم کی کمی پر بغیر پتلون کے احتجاج

   

برلن : جرمنی میں پولیس یونین نے یونیفارم کی کمی پر مایوسی کا اظہار کرنے کے لیے بغیر پتلون والے افسران کی ایک ویڈیو جاری کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ یونیفارم کی کمی کے سبب ریاست باویریا کی پولیس پتلون ترک کر رہی ہے۔پولیس یونیفارم کا اسٹاک ختم ہوئے ایک عرصہ گزر چکا ہے اور محکمے کے حکام ایک مدت سے نئی یونیفارم کا انتظار کر رہے ہیں۔ تاہم نہ ختم ہونے والے اس انتظار سے مایوس ہو کر جرمنی کی جنوبی ریاست باویریا کی پولیس نے اپنی حالت زار کی طرف توجہ مبذول کرانے کے لیے ایک غیر معمولی قدم اٹھایا ہے۔باویریا کی جرمن پولیس یونین نے اس حوالے سے یوٹیوب اور انسٹاگرام پر ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں پولیس کروزر میں بیٹھے دو افسر ایک دوسرے سے پوچھتے ہیں کہ ”آپ کب سے انتظار کر رہے ہیں؟” جواباً وہ ایک دوسرے سے کہتے ہیں، چار چھ ماہ سے۔ اور یہ کہتے ہوئے وہ یکے بعد دیگرے اپنی بی ایم ڈبلیو گاڑی سے باہر یہ دکھانے کے لیے نکلتے ہیں کہ ان کے پاس تو پینٹ ہی نہیں ہے۔اس کے فوری بعد ریاستی پولیس یونین کے سربراہ جورگین کوہلین اسی مسئلے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے کہتے ہیں کہ جو کچھ بھی آپ کو اپریل فول جیسا ایک مذاق لگا، وہ نہ تو کوئی مذاق ہے اور نہ ہی اس میں ہنسنے کی کوئی بات ہے۔ پھر وہ بتاتے ہیں کہ پولیس یونیفارم (پولیس وردی) کی دائمی کمی پولیس افسران کے احترام کے فقدان کے مترادف ہے۔