شیلانگ: جسٹس سنجیو بنرجی نے چہارشنبہ کو یہاں میگھالیہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔ سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔گورنر ستیہ پال ملک نے راج بھون میں جسٹس بنرجی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا اور اس دوران سماجی دوری اور کورونا سے متعلق پروٹوکول پر سختی سے عمل کیا گیا۔جسٹس بنرجی نے چیف جسٹس رنجیت وسنت راؤ کی جگہ سنبھالی جو اس سال 3 نومبر کو رٹائر ہوئے تھے ۔حلف برداری کی تقریب میں میگھالیہ کے وزیر قانون جیمز سنگما، اسمبلی کے اسپیکر میت باہ لنگدوہ، جسٹس ہمرسن سنگھ تھانگ کھیو، جسٹس وانلورا ڈنگڈوہ موجود تھے ۔جسٹس بنرجی 2 نومبر 1961 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے سینٹ زیویئر کالج کلکتہ اور سینٹ پال اسکول دارجلنگ میں تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے سال 1983 میں اکنامکس (آنرز) میں گریجویشن کیا اور 1986-87 میں کولکتہ یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا۔