حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ جشنو دیو ورما نے لوک آیوکت اور صدرنشین تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن کے عہدوں پر حکومت کی جانب سے سفارش کردہ ناموں کی منظوری دے دی ہے۔ توقع ہے کہ جلد ہی احکامات جاری کئے جائیں گے۔ تلنگانہ حکومت نے جسٹس راج شیکھر ریڈی کو تلنگانہ کا نیا لوک آیوکت مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ تلنگانہ انسانی حقوق کمیشن کے صدر نشین کے طور پر جسٹس شمیم اختر کے نام کو منظوری دی گئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیادت میں منعقدہ اجلاس میں ناموں کو منظوری دیتے ہوئے فائیل گورنر کو روانہ کی گئی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ گورنر نے منظوری کے بعد فائیل کو حکومت کو بھیج دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کے ارکان کے طور پر رما دیوی اور کشور کمار کے ناموں کو طئے کیا گیا۔ جسٹس راج شیکھر ریڈی رئیل اسٹیٹ ریگولیٹری اپلیٹ اتھاریٹی کے صدرنشین کے عہدہ پر فائز ہیں جبکہ جسٹس شمیم اختر نے حال ہی میں ایس سی زمرہ بندی پر ایک رکنی کمیشن کی رپورٹ حکومت کو پیش کی ہے۔1